درخت اور پودے ماحول انسانی طبیعت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ درخت اور پودے ماحول انسانی طبیعت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں اور آکسیجن کا قدرتی ذریعہ ہیں ۔
یہ بات انہوں نے 9 نمبر چونگی پر میٹرو اسٹیشن کے ساتھ پارک میں پودا لگاتے ہوئے کہی اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ، سی ٹی او جلیل عمران،ڈی ایس پی محمد رضوان خان بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ پودے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے قدرت کا انمول تحفہ ہیں اس وقت دنیا کو جدید سائنس اور ترقی کی وجہ سے ہونے والی صنعتی ترقی کی بدولت فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ، جبکہ درخت اور پودے فضائی آلودگی کے خاتمہ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کا قدرتی ذریعہ ہیں۔
اس لیے ہر شہری کو کم ازکم ایک پودا لگا کر اس کی نگہداشت کی ذمہ داری اٹھانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ملتان نے شہر میں شجر کاری کا جو بیڑا اٹھایا ہے اس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اس سے ماحول بھی خوشگوار ہوا ہے۔
اس موقع پر سی ٹی او جلیل عمران اور ڈی ایس پی محمد رضوان خان نے بھی پودے لگائے۔