ملتان : غیرقانونی تعمیرات اور شہر میں قائم بھانوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے "خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام پر سو فیصد عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔
خدمت پروگرام پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ”خدمت آپ کی دہلیزپر” وزیراعلی عثمان کا خصوصی پراجیکٹ ہے، پروگرام کو ہر سطح پر الیکٹرانک اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مانیٹر کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سروسز کی سرگرمیوں کی تعداد کے علاوہ کوالٹی کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکموں کے خلاف منفی فیڈ بیک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، خدمت پروگرام کے تمام اجلاسوں کے منٹس جاری کئے جائیں،ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے، آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنرز کریں۔اس کے علاوہ شہر میں قائم بھانوں کو شہر سے باہر شفٹ کرنے کے لئے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں جبکہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن شفٹ نہ کئے جانیوالے بھانوں کو سیل کرنے کی کاروائی شروع کرے۔
انہوں نے کہا کہ واسا شہر کے86 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹرز ایک ہفتے کے اندر تبدیل کرے،ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں نصب100 واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال رکھنے پر محکمہ تعلیم کی تعریف کی۔ محکمہ جنگلات وسیع پیمانے پر شجرکاری پلان تیار کرنیکی ہدایت بھی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ سے دس روز قبل شہری حدود سے باہر جانوروں کے عارضی سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی جانوروں کے سیل پوائنٹس پر صفائی کی ذمہ داری نبھائے گی، عارضی بکر منڈیوں میں پولیس، ریسکیو، محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کیمپ لگائیں گے،انہوں نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں تمام افسران ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی، محمد طیب خان،ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر،اے سی سٹی خواجہ محمد عمیر محمود،اے سی صدر عدنان بدر،سی ای او ایجوکیشن شمشیر علی خان،واسا،میٹرو پولیٹن کارپوریشن،ایم ڈی اے،کیٹل مارکیٹنگ منیجمنٹ کمپنی اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔