ارشد ندیم کی واپسی، وقار ذکاء نے وعدہ پورا کردیا
ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، میاں چنوں میں پورا گاؤں ان کے استقبال کے لیے امڈ آیا۔
لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ارشد ندیم والدہ کے قدموں میں گر گئے، ماں نے بیٹے کو گلے سے لگایا اور ماتھا چوما ۔
دوسری طرف ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو وقار ذکاء نے 10 لاکھ روپے بطور انعام دے کر اپنا وعدہ پورا کردیا۔
ٹوکیو اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے ارشد ندیم کے پاکستان پہنچنے پر وقار ذکاء نے انہیں انعام کے طور پر پیسے دیے اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر لائیو سیشن کیا۔
وقار ذکاء نے کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ جو میں سوشل میڈیا سے کماتا ہوں اس میں سے کچھ ارشد ندیم کو دوں گا، اس کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتنے پیسے ہوجاتے ہیں کہ ہم اپنے لوگوں کو سپورٹ کرسکیں، ہمارے پڑوسی ملک بھارت نے اپنے ایتھلیٹ کے لیے بہت سارے اعلانات کیے ہیں، میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ لوگ حکومت پر انحصار نہ کریں۔ آپ لوگ گوگل سے اولمپکس کے ریکارڈز دیکھیں اور ان کے ٹارگٹ کی ایک لسٹ بنالیں، اگر آپ انہیں حاصل کرنے کے اہل ہیں تو مجھ سمیت پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی۔