”اوور سیز پاکستانیز کمیٹی “کا اجلاس،15 کیسز کافیصلہ سنا دیاگیا
دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے تشکیل دی گئی ”اوور سیز پاکستانیز کمیٹی “کا اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور چیئرمین کمیٹی مخدوم شعیب اکمل ہاشمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود، ایگزیکٹیو ممبر انجینئر محمد شیراز،ایس پی ہیڈکوارٹر طلعت حبیب،چیف آفیسرمیٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال خان ،نادرا،ریونیو، میپکو کے افسران اور کمیٹی کے فوکل پرسن محمد زبیر نے شرکت کی۔
کمیٹی کے اجلاس میں38 کیس پیش کئے گئے جن میں سے15کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کی شکایت کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ریونیو ڈیپارٹمنٹ اوور سیز پاکستانیز کی زرعی،سکنی اور کمرشل جائیداد کا کسٹوڈین ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والوں کی شکایت کے حل میں بلاوجہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنرنے کمیٹی میں پیش کئے جانے والے کیسسز کے موقع پر بیرون ملک رہنے والے پاکستانی کے وطن میں موجود نمائندے کو طلب کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین اوور سیز پاکستانیز کمیٹی نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور اپنے وطن کثیر ترسیلات زر بھیجتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے کیسسز کے حل میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کمیٹی میں ابتک 418 کیسسز پیش کئے گئے ہیں،جن میں سے 314 کیسسز حل کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سول کورٹ میں 63 اور ریونیو کورٹ میں3 کیس زیر سماعت ہیں۔