Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

ایکسائز ملتان کی دو ارب چار کروڑ روپے کی وصولی

مالی سال 2020-21 کے آخری روز ایکسائز ،ٹیکسیشن ،انکم ٹیکس اور دیگر دفاتر میں زبردست گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔
لوگوں کی بڑی تعداد حکومت کی جانب سے دی گئی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے آخری روز بھی ان دفاتر میں موجودرہی ۔
ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول اورریجنل ٹیکس آفس ملتان میں افسروں اور دیگرعملے کوبھی بے پناہ مصروفیت کاسامنا رہا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول عبداللہ خان جلبانی نے بتایا کہ لوگوں کی بڑی تعداد نے ٹیکس ایمنسٹی اور حکومت کی جانب سے دی گئی مختلف سہولتوں سے فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ جون کا مہینہ شروع ہوتے ہی ہماری مصروفیت میں اضافہ ہوگیا تھا لیکن آخری ہفتے حتی آخری دن تک لوگوں کی بڑی تعداد ٹیکس ادا کرنے کے لیے رابطہ کررہی ہے اوریہ ایک اچھی تبدیلی ہے۔
اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ ملتان ڈویژن میں مالی سال2020-21 کے دوران ٹیکسوں کی مدمیں ایک ارب97کروڑ روپے کے مقررہ ہدف سے بڑھ کر دوارب چار کروڑ روپے کی وصولی کی ہے۔محصولات جمع کرانے میں پانچ فیصد ٹیکس کی چھوٹ کی سکیم سے شہریوں نے بھرپور استفادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ موٹروہیکلز کی ریکوری کاہدف ہم نے 127فیصد حاصل کیا ہے جبکہ پراپرٹی ٹیکس کے ہدف کا 98فیصد سے زیادہ ہم حاصل کرچکے ہیں۔
اس طرح پروفیشنل ٹیکس ،ایکسائز ڈیوٹی اوردیگر محصولات میں بھی خاطر خواہ وصولی کرلی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے حکومت پنجاب کی جانب سے ٹیکس وصولی میں پانچ فیصد خصوصی رعایت دی گئی تھی جس کا ملتان کی عوام نے بھرپورفائدہ اٹھایا اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ مالی سال کے دوران بھی وہ ہم سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے کیونکہ محصولات کا 85فیصد حصہ حکومت شہریوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کرتی ہے۔
عبداللہ جلبانی نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے یکم جولائی سے گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی کے لیے فنگرپرنٹس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جن ٹیکس دہندگان نے تاحال ٹیکس ادا نہیں کیا ان کے خلاف بہت جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button