Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

حیدر علی کی دھواں دھار اننگز نے سینٹرل پنجاب سے فتح چھین لی

نوجوان بیٹر حیدر علی نے 53 گیندوں پر 91 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ہوم سٹی سینٹرل پنجاب سے فتح چھین لی۔
ناردرن نے 201 رنز کا ہدف دو گیندیں قبل چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کی سنچری رائیگاں گئی۔ ناردرن کی یہ ایونٹ میں تیسری کامیابی ہے۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کے دونوں اوپنرز 56 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سرمد حمید 19 اور ناصر نواز 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو حیدر علی نے ناردرن کی کمان سنبھالی اور کریز پر پہنچتے ہی اپنے مخصوص انداز میں وکٹ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیل کر سینٹرل پنجاب کے باؤلرز کو دباؤ میں لے آئے۔
اس دوران محمد نواز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور محض21 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 45 گیندوں پر 84 رنز کی شراکت قائم کرکے ناردرن کی پوزیشن مستحکم کردی۔
محمد نواز کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی حیدر علی نے رنز بنانے کی رفتار کم نہ کی اور جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔ انہیں چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی بدولت 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آصف علی 14 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سینٹرل پنجاب کے وہاب ریاض، حسین طلعت، احسان عادل اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 105 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ 63 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
یہ ان کے ٹی ٹونٹی کیرئیر کی چھٹی سنچری ہے۔کیرئیر کی چھ میں سے چار سنچریوں میں بابراعظم ناٹ آؤٹ رہے۔بابراعظم نے احمد شہزاد اور محمد اخلاق کے ہمراہ بالترتیب 67 اور 41 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد 37 اور محمد اخلاق 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سینٹرل پنجاب کے کپتان نے سب سے لمبی پارٹنرشپ شعیب ملک کے ہمراہ قائم کی۔ شعیب ملک 4 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سینٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ناردرن کے محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کے گیارہویں میچ کے اختتام پر جی ایف ایس سندھ کی ٹیم تینوں میچز میں کامیابی کے ساتھ 6 پوائنٹس لے کر پہلے نمبر پر موجود ہے۔
ناردرن کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنتس ٹیبل پر دوسرے اور ہوم سٹی سینٹرل پنجاب چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button