Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی رقم میں40 فیصد اضافہ

حکومت نے رواں مالی سال 22۔2021 میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کی گئی رقم میں 40 فیصد اضافہ کے بعد ترقیاتی کاموں کی رفتار اور فنڈز کے مؤثر وصحیح استعمال کی نگرانی کیلئے جامع حکمتِ عملی تیار کرلی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی کے مؤثر استعمال پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء اسد عمر، حماد اظہر، مراد سعید، عمر ایوب خان، معاونینِ خصوصی ملک امین اسلم، ڈاکٹر فیصل سلطان اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے فنڈز کے اجراء کے طریقہ کار کو آسان اور منظم کرنے کے ساتھ ساتھ منصوبوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اس میں لچک پیدا کی گئی ہے، وزارتوں کو منصوبوں کی ضروریات کے مطابق فنڈز جاری کرنے کیلئے مزید با اختیار بنایا گیا ہے۔
اجلاس کو گزشتہ مالی سال میں خرچ کئے گئے فنڈز پر تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فنڈز کے استعمال کی شرح مجموعی طور پر 104 فیصد رہی جو کہ یہ واضح کرتی ہے کہ ترقیاتی کاموں پر بھرپور پیشرفت ہوئی۔
اس کے علاوہ بین الوزارت اور شعبوں کے مابین نگرانی کے نتیجہ میں140 ارب کے فنڈز تیزی سے تکمیل کی طرف بڑھے اور بڑے پیمانے پر ملکی ترقی پر مثبت اثر ڈالنے والے منصوبوں کو منتقل کئے گئے جس سے نہ صرف عوامی ٹیکس کی بچت ہوئی بلکہ فنڈز ضائع ہونے سے بچا لئے گئے۔
علاوہ ازیں اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ منصوبہ بندی منصوبوں کی تکمیل کی مسلسل نگرانی کرہی ہے جس کے لئے ایک جامع طرقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے منصوبوں میں بچت اور فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رواں سال کوشش کی گئی ہے کہ جاری منصوبوں کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے فنڈز کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے، اس ضمن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 70 فیصد جبکہ نئے منصوبوں کیلئے 30 فیصد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔
مجموعی طور پر 351 ترقیاتی منصوبوں کو تکمیل کیلئے مکمل فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،وزارتوں میں منصوبوں کی نگرانی کی استعداد کو مستقل بنیادوں پر بڑھایا جا رہا ہے جس سے سارا سال منصوبوں کی متواتر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
اس کے علاوہ فلیگ شپ منصوبوں کی نگرانی کے کام میں تھرڈ پارٹی فرمز کو بھی شامل کیا جائے گا جس سے کام کی رفتار میں تیزی اور شفافیت پیدا ہوگی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button