Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیرت کا پہلا سبق تعلیم ہے : پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی

بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا ہے کہ سیرت کا پہلا سبق تعلیم ہے اور نبی کریمﷺ کی سیرت میں ہمیں عملی طورپر تحقیق کے مظاہر ملتے ہیں ۔
بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیراہتمام ایک رو زہ قومی سیرت کانفرنس بسلسلہ رحمت العالمین ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے مزید کہاکہ نبی پاکﷺ کی سیرت مسلمانوں کے لیے عملی نمونہ ہے۔ جس پر عمل کرتے ہوئے دنیا و آخرت کی تمام بھلائیوں کو حاصل کیاجاسکتا ہے۔
وائس چانسلر نے مزید کہاکہ عصری تقاضا یہی ہے کہ آپﷺ کی سیرت مبارکہ کو زیادہ سے زیادہ پھیلایا جائے۔ اور اس عمل میں تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ علماء کرام بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ تاکہ ہم اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو پیارے نبیﷺ کی حیات طیبہ و سیرت مبارک سے بخوبی آگاہ کرسکیں۔
قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی نے امتی کا حقیقی مفہوم اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ امتی وہ ہے جو اطاعت اور اتباع کو لازم طو رپر اپناتا ہے رسول اللہ کی ذات خاندان قبیلہ اور نسب افضل و اعلی ہے اور آپﷺ کی ذات خدا کے بعد سب سے بزرگ و برتر ہے۔
انہو ں نے مزید کہاکہ رسول اللہﷺ تمام جہانوں کے لیے مسلمہ ہیں اور آپﷺ کی رسالت تمام مخلوقات کے لیے ہے۔ جبکہ امتی وہی ہوگا جو آپ کی ذات کے ساتھ ساتھ آپﷺ کے فرمان اور حکم پر عمل پیرا ہوگا۔
مذہبی سکالر ڈاکٹر محمد طاہر خاکوانی نے کہاکہ معاشی سیاسی و سماجی معاملات میں صداقت دیانت اور امانت جیسی خصوصیات کو اپنا نا انتہائی ضروری ہے۔اور ان سب کے لیے آپ ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے بہترین نمونہ حیات ہے۔
چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب نے کہاکہ سیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہونا ہر مسلمان کا اولین فرض ہے۔ اور عصری تقاضا بھی یہی ہے کہ آپﷺ کی سنتوں کے عین مطابق زندگی کو ڈھالا جائے۔
انہو ں نے مزید کہاکہ صفہ کی درس گاہ ہمیں ٹیکنالوجی صحت و تعلیم کے معاصر تقاضوں کو پورا کرنے کی دعوت دے رہی ہے۔
انہو ں نے مزید کہاکہ اغیار نے سیرت کے اسباق کو اپنا کر عالمی سطح پر منوایا ہے۔ جبکہ مسلمان اس سعادت سے بے بہرہ ہیں۔اور ہمیں بالخصوص صداقت کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
کانفرنس کے اختتام پر قرات و نعت اور تقریر میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والوں میں وائس چانسلر نے سرٹیفیکیٹ اور انعامات تقسیم کیے۔جبکہ ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے جامع دعا کرائی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button