Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

مشرف نے این آر او دے کر ظلم کیا، انصاف کی فراہمی کیلئے عدلیہ کیساتھ کھڑے ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت عدلیہ کیساتھ بھرپور تعاون کرے گی، ملک میں خوشحالی قانون کی بالادستی کےبغیرممکن نہیں۔
اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں 93 عدالتوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھ دیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 25سال پہلےپارٹی کاآغاز کیا تو اس کانام انصاف کی تحریک رکھا، ہم دیکھتے تھے پاکستان آگے جاتے ہوئے پیچھے جانا شروع ہوگیا، ترقی کررہا تھا، ترقی کی مثال بن گیاتھا لیکن بنگلادیش ہم سےآگےنکل گیا، بھارت ترقی میں آگےنکل گیا اور قانون کی حکمرانی نہ ہونےکی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ انصاف کا بول بالا کرنےکے لیے سیاست میں قدم رکھا، مطالعہ کرناچاہیےکہ ریاست مدینہ کیسی قائم ہوئی، عرب قوم جس کی کوئی حیثیت نہیں تھی اس نے دنیا پر حکمرانی کی، 4میں سے 2خلیفہ وقت عدالت میں پیش ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارےملک میں دو پاکستان شروع ہوگئے ہیں ، ماضی کی لیڈرشپ کو فکر ہی نہیں تھی کہ لوگوں کو انصاف ملے، طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہناچاہتاہے جبکہ مہذب معاشرہ طاقتور کو قانون کے نیچے لیکر آتاہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25سال سے کہہ رہاہوں ملک تب آگے بڑھے گا جب آزادعدالتیں ہوں، وکلا نے قربانیاں دیں بڑی زبردست جدوجہد کی گئی لیکن عدلیہ بحالی تحریک کےجونتائج آنےچاہیے تھے وہ نہیں ملے۔
عمران خان نے مزید کہا انصاف کی فراہمی کیلئے معاشرہ جدوجہد کرتا ہے، جس معاشرے میں قانون کی بالادستی ہووہ کامیاب ہوجاتا ہے، ملک آزادعدلیہ کی وجہ سے ہی ترقی کرسکتا ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا سب سے بڑااثاثہ ہیں، اوورسیز پیسہ کما کر پلاٹ لیتےتھے ،2 سال بعد آتے تو قبضہ ہوچکا ہوتا تھا، انصاف نہ ملنےسے معاشرے میں قبضہ گروپ پروان چڑھتے ہیں، یورپ میں قانون ہے اس لئے وہاں قبضہ گروپ نہیں ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے معاشرے کی بہتری کیلئے اہم فیصلے دیئے، 1960سے 2010تک اسلام آباد میں جتنی ڈیولپمنٹ ہوئی اتنی ترقی2010 سے 2021میں ہوئی، ملک کو سرسبز بنانا اب ہماری قومی ضرورت بن گئی ہے ، انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت عدلیہ کیساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقتور قانون سے اوپر رہتا ہے ہمیں کمزور کو انصاف فراہم کرنا ہے ، معاشرے کو تعلیم اور صحت کیساتھ انصاف بھی فراہم کرنا ضروری ہے، ڈویلپمنٹ اور سرمایہ کاری تب ہوتی ہے جب ملک میں انصاف ہو، ہم سمجھتے ہیں قانون کی بالادستی سے ہی سرمایہ کاری آتی ہے۔
اپوزیشن کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ سب اکٹھے ہوکر کہتے ہیں این آراو دےدیں ورنہ حکومت نہیں چلنےدینگے ، پرویز مشرف نے انھیں این آراو دے کر بہت بڑا ظلم کیا ، مشرف کے پاس اختیار ہی نہیں تھا کہ انھیں این آراو دیتے ، وہ پیسہ مشرف کا نہیں تھا ،عوام کا تھا۔
ملک میں خوشحالی قانون کی بالادستی کےبغیرممکن نہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کررہےہیں، اسلام آباد کے گرین ایریاز کو بچانے کیلئے اقدامات کررہےہیں، قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد ہمیشہ کرتے رہنا چاہیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button