Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

میپکو کا دوران ڈیوٹی حادثات روکنے کے لئے ایکشن پلان تیار

ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)نے ریجن بھر میں دوران ڈیوٹی حادثات کی روک تھام کے لئے ایکشن پلان تیارکرلیاہے۔

تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فوری طورپر اپنے سٹاف کے لئے حفاظتی آلات کی دستیابی اور ان کی بہترین حالت کو یقینی بنائیں اور سرٹیفیکیٹ جاری کریں۔

اگر کسی حادثے میں حفاظتی آلات کی عدم دستیابی یا عدم استعمال پایا گیا تو متعلقہ ایس ڈی اوز اور لائن سپریٹنڈنٹس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کے مہلک اور غیر مہلک حادثات کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔انسانی جان سے قیمتی اس جہان میں کوئی چیز نہیں ہے، نہ ہی کوئی ہنگامی حالت اس امر کی متقاضی ہے کہ جس میں کسی انسان کی زندگی داؤ پر لگائی جائے۔

میپکو ہمیشہ اپنے لائن سٹاف اور معزز صارفین کی بجلی کی تنصیبات سے حفاظت کے لئے سرگرم رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سیفٹی پر منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا جس میں جنرل منیجرز، چیف انجینئرز،میپکو ریجن کے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ غیرمتعلقہ افراد کا بجلی کی لائنوں اور ٹرانسفارمرز پر کام کرنا غیر قانونی عمل ہے آئندہ کسی پرائیویٹ شخص کو حادثہ رونماہوتو متعلقہ سب ڈویژنل اورڈویژنل افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں۔

انہوں نے میپکو ریجن کے تمام ایس ڈی اوز کو احکامات دئیے ہیں کہ وہ اپنی اپنی سب ڈویژنوں میں ٹی اینڈ پی کی چیکنگ کریں اور سیفٹی آلات کی عدم دستیابی کی صورت لائن سٹاف کو فیلڈ میں کام کرنے سے ہرگز نہ بھیجا جائے۔

انہوں نے لائن سٹاف کے لئے جاری ہدایات میں کہاہے کہ ورک پرمٹ حاصل کئے بغیر کام شروع نہ کیاجائے اور کام شروع کرنے سے پہلے لائن کی ضروری ارتھنگ کی جائے۔

ہر سب ڈویژن میں روزانہ کی بنیاد پر سیفٹی اسمبلی کا انعقاد کیاجائے اور سیفٹی ہدایات کو دوہرا اور لائن سٹاف کو اس پر عمل کرنے کی تلقین کی جائے۔ ہائی ٹینشن اور لوٹینشن لائنوں کی زمین سے مناسب بلندی برقراررکھی جائے۔ تاروں کے جوڑ منظور شدہ تکنیکی طریقوں سے لگائے جائیں۔ ہائی ٹینشن اور لوٹینشن کے جمپرز، پی جی کنیکٹرز کے ذریعے لگائے جائیں۔

حادثات کی فوری روک تھام کے لئے بجلی کی لائنوں اور عمارتوں میں ضروری فاصلہ برقراررکھاجائے۔ خراب پی سی سی پولز فوری طورپرتبدیل کئے جائیں۔

میپکو ہیڈ کوارٹرکے ریجنل سیفٹی ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں سب ڈویژنل اور ڈویژنل دفاتر میں سیفٹی پریڈز، ٹی اینڈ پی آلات کی دستیابی اور سیفٹی سے متعلق امور کی چیکنگ کریں گی۔ نااہلی اور غفلت کے مرتکب آپریشنل افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ میپکو ریجن کے تمام ریجنل و فیلڈ سٹورز، گرڈاسٹیشنوں اور دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے اور فائرفائٹنگ آلات کی تنصیب کی جائے اور آگ لگنے کی صورت میں احتیاطی طورپر واٹرٹینک بھی بنائے جائیں۔

سیکیورٹی کا نظام مزید بہتر بنانے جائے اور سیکیورٹی گارڈز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے۔ صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے میپکو ریجن میں ہائی ٹینشن فیڈرز اور لوٹینشن کی زیر التواء سکیموں پرہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیاجائے۔ ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن کرکے رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوائی جائے۔ بار بار جلنے والے ٹرانسفارمرز کی وجوہات، متعلقہ فیڈرز انچارج اور ایس ڈی او ز کی فہرستیں تیار کی جائیں اور نااہلی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے۔

پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے نائب صدر چوہدری محمد خالد نے کہا کہ افسران فیلڈ میں لائن سٹاف کی ٹرانسفارمرز،لائنوں اورپولز پر کام کے دوران چیکنگ کریں , اس سے سٹاف میں ذمہ داری کا احساس پیداہوگا۔

اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن صدیق اللہ خان، جنرل منیجر ٹیکنیکل شفیق الحسن، جنرل منیجر کسٹمرسروسز سید احسن محی الدین، چیف انجینئرز عترت حسین، عبدالرحیم سومرو، نوراحمد سومرو، خالد علی چشتی، ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن نصر حیات میکن، ایڈیشنل ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز جمشید نیازی، ڈائریکٹرمیٹریل مینجمنٹ صدیق خان، ریجنل منیجرز ایم اینڈ ٹی میاں محمد انور، نوید انجم چیمہ، پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن رانامحمد ایوب،ڈائریکٹر سیفٹی عبدالرحمن،سٹاف آفیسر کامران ظہور، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی کاشف مقبول بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button