پی سی سی سی کے مسائل کے حل کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں: سید فخر امام

پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے ملازمین کے تحفظ اور اس کے مالی وانتظامی مشکلات کے حل کے لئے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی پوری طرح کوشاں ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام نے سی سی آر آئی ملتان میں اپنی آمد کے موقع پر ایپکا یونٹ سی سی آر آئی کے وفد کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔
ادارہ ہذا میں وفاقی وزیر کی آمد کے موقع پر ایپکا یونٹ کے عہدیداران نے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود کی سربراہی میں وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود نے گزشتہ ہفتے ملازمین کی نئی تنخواہ کے اجراء پر تمام پی سی سی سی ملازمین کی جانب سے وفاقی وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کو قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ ملنے پر ان کو مبارکباد دی، اور رواں برس ادارہ ہذا کی منظور ہونے والی 6کپاس کی اقسام اور گلابی سنڈی کے انسداد کے لئے پنجاب بھر میں وسیع پیمانے پر ماسٹرنیز تربیتی پروگرامز جیسے اقدامات کو سراہا۔
مزید برآں ایپکا یونٹ سی سی آر آئی کے صدر تنویر عباس نے وفاقی وزیر کو وفاقی حکومت کے ایگری کلچر ٹرانسفر میشن پلان کے تحت پی سی سی سی کو پرائیویٹائز کرنے کی زیرگردش خبروں پر ملازمین کی تشویش سے بھی آگاہ کیا ،جس پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت پی سی سی سی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھایا جائے گا جس سے ملازمین کے حقوق متاثر ہوتے ہوں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے پی سی سی سی ملازمین کو یقین دلایا کہ وہ ملازمین کے کئی سالوں سے بقایاجات کی رقم کی ادائیگی کے لئے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اور یہ مسئلہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر سے ملاقات میں اس موقع پر ایپکا یونٹ سی سی آر آئی کے جنرل سیکریٹری نجم الثاقب، فنانس سیکریٹری میاں عبد اللہ کے علاوہ دیگر عہدیداران ماجد صدیق،سجاد حسین، نور محمد،ظفر اقبال،محمد قاسم اور محمد حامد کے علاوہ اسسٹنٹ سیکریٹری پی سی سی سی فدا حسین بھی موجود تھے۔














