پنجاب ایگزامینیشن کمیشن پیف کے ٹیسٹ لینے میں ناکام؛ پرچے آوٹ، امتحانات منسوخ
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ (کیو اے ٹی) ہرسال منعقد کراتا ہے، رواں سال پہلی مرتبہ تھرڈ پارٹی کی حیثت سے پیک کو امتحانات کا معاہدہ کیاگیا مگر وہ امتحانات منعقد کروانے میں بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ 7مارچ کو منعقد ہونا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پرچے آوٹ ہونے پر امتحانات منسوخ کئے گئے ہیں، پیک کی طرف سے تمام ڈی ای او ، ڈپٹی ڈی ای اوز کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی تحصیل کے ٹیسٹ ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کریں کہ وہ پیپرز نہ کھولیں، اور کسی سکول کا دورہ نہ کریں۔ مزید ڈی ای اوز سے درخواست ہے کہ وہ کل صبح ٹیسٹ ایڈمنسٹریٹرز سے کاغذات جمع کریں۔
دوسری طرف پیف کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے منسلک سکولوں کے تعلیمی معیار کو جانچنے کے لیے ہر سال کوالٹی ایشور نس ٹیسٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے، اس سال پہلی مرتبہ کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے بطور تھرڈ پارٹی پنجاب ایگزامینیشن کمیشن سے معاہدہ کیا گیا تھا، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولوں میں کوالٹی ایشورنس کے انعقاد کی تمام تر ذمہ داری پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی تھی، جس میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن ناکام رہا ہے۔
امتحان کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ پرچے آؤٹ ہونے کی بناء پرمنسوخ کیا گیا ہے، پیف حکام نے کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے پرچے آؤٹ ہونے پر پنجاب ایگزامینیشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا ہے۔