Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

تعلیمی بورڈ ملتان کا بڑا اعلان

تعلیمی بورڈ ملتان نے سوشل میڈیا پر گیس پیپرز اور پیئرنگ اسکیمیں شیئر کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی ہے اور اس حوالے سے تمام اضلاع کے تعلیمی حکام کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ حکام نے نوٹس لیا ہے کہ مختلف واٹس ایپ اور سوشل میڈیا گروپس میں اساتذہ اور دیگر افراد کی جانب سے گیس پیپرز، پیئرنگ اسکیمیں اور پرانے سوالیہ پرچے شیئر کیے جا رہے ہیں، جو امتحانی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

مراسلے کے مطابق ایسے اقدامات کو پنجاب یونیورسٹی اینڈ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ 1950 کے تحت جرم قرار دیا گیا ہے۔ اس جرم میں ملوث افراد کو تین سال تک قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

بورڈ حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گیس پیپرز، پیئرنگ اسکیمیں یا بورڈ کے سوالیہ پرچے شیئر کرنا مکمل طور پر ممنوع ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

مراسلے میں ملتان ڈویژن کے اضلاع لودھراں وہاڑی اور خانیوال کے چیف ایگزیکٹو افسران (تعلیم) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو فوری طور پر آگاہ کریں کہ امتحانات سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد سوشل میڈیا گروپس میں شیئر نہ کیا جائے۔

بورڈ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button