Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

کرپشن الزامات؛ تعلیمی بورڈ ملتان کا ڈپٹی کنٹرولر امتحانات معطل، باقاعدہ انکوائری شروع

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان میں مبینہ کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، انٹر برانچ کے ڈپٹی کنٹرولر محمد الیاس کو رشوت لینے کے الزام میں پہلے معطل کیا گیا اور اب ان کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق شہری عمران ملک کی جانب سے کمشنر ملتان جو چیئرمین بورڈ بھی ہیں کو شواہد کے ساتھ شکایت درج کروائی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ محمد الیاس نے ایک نجی شخص وقاص بلوچ کے ذریعے درخواست گزار کی اہلیہ سے بیٹی کی مائیگریشن ملتان بورڈ سے لاہور بورڈ منتقل کروانے کے عوض 65 ہزار روپے وصول کیے۔

شکایت موصول ہونے پر معاملہ کمشنر ملتان ڈویژن/چیئرمین بورڈ کے نوٹس میں لایا گیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم افسر کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دیا گیا۔

جس کےلئے جاری کئے گئے مراسلے میں انکشاف کیا گیا کہ ابتدائی انکوائری میں الزامات بادی النظر میں درست پائے گئے، درخواست گزار کی اہلیہ متعدد بار دفتر آئی، جہاں اس کی ملاقات وقاص بلوچ سے کروائی گئی، جس نے مبینہ طور پر یقین دہانی کروائی کہ رقم کی ادائیگی پر مائیگریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ رقم جاز کیش کے ذریعے منتقل کی گئی، جبکہ ملزم افسر اور شکایت کنندہ کے درمیان فون کالز اور وائس میسجز کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، بعض دیگر افسران کے بیانات میں بھی وقاص بلوچ کی دفتر میں موجودگی اور ملزم افسر کے ساتھ روابط کی تصدیق کی گئی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ محمد الیاس کا طرز عمل قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے، جو کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کے زمرے میں آتا ہے۔ دوران معطلی انہیں ایڈمن برانچ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اسسٹنٹ کنٹرولر محمد سرور کو انٹر برانچ کے اضافی امور سونپ دیے گئے ہیں۔

بورڈ حکام کے مطابق کیس کی شفاف اور میرٹ پر مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ ادارے میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) ملتان ڈویژن طاہر سلطان خان کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے انہوں نے پیڈا ایکٹ کے تحت باقاعدہ ڈسپلنری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button