زیور تعلیم پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ

غریب بچیوں کا تعلیمی وظیفہ بند ،پنجاب میں حکومت نے غریب بچیوں کے لیے زیور تعلیم پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے اس باقاعدہ منصوبے کو بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سرکاری سکولوں میں طالبات کی تعداد بڑھانے اور تعلیم میں شرکت کو فروغ دینے کے لیے ماہانہ 1000 روپے وظیفہ دیا جاتا تھا۔
ذرائع کے مطابق زیور تعلیم پروگرام شہباز شریف دور حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ تھا، جس پر ہر سال 7 ارب 35 کروڑ روپے مختص کیے جاتے تھے۔ تاہم بہتر نتائج نہ آنے اور اسکولوں میں طلبا کی شرکت میں مطلوبہ اضافہ نہ ہونے کے باعث حکومت نے سکیم بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق بجٹ اب دیگر اہم شعبوں جیسے کہ ٹرانسپورٹ، اساتذہ کی بھرتی، امتحانات اور دیگر تعلیمی امور پر خرچ کیا جائے گا۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ زیور تعلیم پروگرام کی بندش سے غریب بچیوں کے تعلیمی مواقع پر اثر پڑ سکتا ہے، اور حکومت پر دباؤ ہے کہ وہ متبادل اقدامات یا نئے پروگرام کے ذریعے تعلیم کی حوصلہ افزائی کرے۔













