رول نمبر سلپس کے اعتراضات دور کروانے کیلئے میٹرک برانچ اتوار کو بھی کھلی رہے گی

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے امیدواران و سربراہان تعلیمی ادارہ جات اور والدین کو آگاہ کیا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز 27 مارچ 2026 بروز جمعۃ المبارک سے ہو چکا ہے جبکہ 30 مارچ بروز سوموار کو انگریزی کا پرچہ منعقد ہوگا۔
ترجمان تعلیمی بورڈ ملتان کے مطابق نظرِ ثانی امتحان میں شرکت سے متعلق امیدواران کی اپیل پٹیشنز اور رول نمبر سلپس کے اجرا سے متعلق درخواستوں پر غور کے بعد بعض امیدواران اور تعلیمی اداروں کی رول نمبر سلپس دوبارہ جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
تاہم بعض امیدواران کے داخلہ فارموں میں مختلف نوعیت کے اعتراضات سامنے آئے ہیں جن میں فیس ڈفالٹ، داخلہ فارم کی تصدیق، تازہ تصویر کا عدم چسپاں ہونا، فارم کی نامکمل معلومات، جنس یا مضامین کی درستگی، امیدواران کے دستخط اور داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی کی عدم وصولی جیسے مسائل شامل ہیں۔
بورڈ حکام کے مطابق متعلقہ تعلیمی اداروں اور امیدواران کو ان اعتراضات سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے بورڈ کے موبائل نمبر کے ذریعے بھی اطلاع دی جا چکی ہے۔
لہٰذا ایسے تمام طلباء و طالبات جن کی رول نمبر سلپس کسی بھی اعتراض کی وجہ سے تاحال جاری نہیں ہو سکیں، وہ فوری طور پر تعلیمی بورڈ ملتان کی میٹرک برانچ سے رابطہ کر کے ضروری کارروائی مکمل کریں اور اعتراضات دور کروانے کے بعد اپنی رول نمبر سلپس حاصل کریں۔
طلباء و طالبات کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے پیش نظر بورڈ انتظامیہ نے خصوصی سہولت فراہم کرتے ہوئے 29 مارچ 2026 بروز اتوار کو بھی میٹرک برانچ کو معمول کے مطابق کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ امیدواران بروقت اپنے مسائل حل کروا سکیں۔













