ویمن یونیورسٹی ملتان پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے واک کا اہتمام

لویمن یونیورسٹی ملتان بھارت کی طرف سے حالیہ دھمکیوں کے جواب میں پاکستان کے استحکام اور امن کی حمایت میں یکجہتی واک کا اہتمام کیا، واک کا مقصد قومی اتحاد، استحکام اور امن کے لیے ہماری اجتماعی وابستگی کو ظاہر کرنا تھا۔
واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی، اس موقع پرڈائریکٹر، کیریئر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ثمینہ اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا کوریج انعم زہرہ، تمام چیئرپرسنز اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے واک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمارے ملک کی شان، فخر اور حفاظت کی ضامن ہے۔ ہمارے بہادر سپاہی وطنِ عزیز کے ایک ایک ٹکڑے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں افواجِ پاکستان وطن عزیز کے دفاع میں ہر اول دستہ ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہےمشکل کی ہر گھڑی میں عوام اور سیکیورٹی ادارے ایک پیج پر ہیں اور ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس واک کا مقصد عوام کو قومی یکجہتی کا پیغام دینا، افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور دشمن کو یہ باور کرانا ہے کہ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے، بھارت 10مئی کو ہونے والا آپریشن بنیان مرصوص کو بھول گیا ہے اس کو سبق یاد کرانا ہوگا، پہلے بھی بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوئی اگر بھارت نے پھر کوئی ایڈونچر کیا تو اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ملک کے دفاع، ترقی اور امن کے لیے متحد رہیں ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا مس انعم زہرہ نے کہا کہ قوم کی بیٹیاں صرف تعلیم و تربیت ہی میں نہیں بلکہ ملکی استحکام اور دفاع کے ہر محاذ پر بھی اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ہمیں دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور امن پسند ملک ہے جہاں قوم کا ہر فرد اپنی فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔




















