جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیوں میں تیزی لانے کا حکم

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، اور سپروائزری افسران ان آپریشنز کی خود نگرانی کرتے ہوئے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ کچہ کے دریائی علاقہ میں آپریشن کیلئے ضرورت پڑنے پر دیگر فورسز سے بھی کوارڈینیشن کی جائے، اور آپریشن ایریا میں تعینات نفری کو بلٹ پروف جیکٹس سمیت ضروری سامان اور جدید اسلحہ کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ فرنٹ لائن پر فرائض سر انجام دینے والے پولیس افسران و جوانوں کی حفاظت پہلی ترجیح ہے، کچہ میں جاری آپریشن میں شریک افسران و جوانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کی مدد کیلئے جاری حکومتی سرگرمیوں میں پولیس ٹیمیں اپنا موثر کردار ادا کریں ، اور دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ موٹر بوٹس پر پٹرولنگ کو مزید موثر بنائے۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ محرم الحرام میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں ، اور یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے پیشگی اقدامات کرلئے جائیں۔
فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ حساس اضلاع میں پولیس ٹیمیں سرچ، سویپ،کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھیں، اور یوم عاشور کے موقع پر افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں،ا۔
ئی جی پنجاب فیصل شاہکارنے ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر زیرو ٹالرینس کے تحت سخت ایکشن لیا جائے ، اور نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ قوانین پر من و عن عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
یہ احکامات انہوں نے آج ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے محرام الحرام کے سلسلہ میں کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب کو جنوبی پنجاب راجن پور کچہ کے علاقہ میں کریمنل گینگز کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب آفس آمد پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب آفس کی مختلف برانچز کا دورہ کیا اور سٹاف کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔ آ
ئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل کئے جائیں اور انہیں گراس روٹ لیول پر ہی انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنایاجائے۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے حوالے سے محکمہ داخلہ او ر حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایاجائے ، اور نقص امن کی کسی بھی کوشش پر بلا امتیاز قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان رفعت مختار راجہ، سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر، اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت، ڈی پی او مظفرگڑھ احمد نواز شاہ،ڈی پی او خانیوال جلیل عمران، ڈی پی او لودھراں عبدالروف بابر بھی موجود تھے۔