تعلیمی بورڈ ملتان : رولنمبر سلپ کیس؛ امیدواروں کے داخلہ فارم جمع ہی نہیں کروائے گئے، سی ایم جمع

تعلیمی بورڈ ملتان نے سالانہ فیس جمع نہ کرانے پر آئیڈیل کالج کے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایر کے 424 امیدواروں کی رجسٹریشن روک دی تھی اور رولنمبر جاری کرنے سے انکاری کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے سینکڑوں طلبا و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا، الرٹ جاری
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر نے چیئرمین بورڈ ملتان کمشنر عامر کریم کو فون پر رابطہ کرکے معاملے کو حل کرنے کا کہا ہے، جس پر انہوں نے واضح کردیا کہ بورڈ کے واجبات ادا کئے بغیر کلیئرنس نہیں ملے گی، جس کے بعد امیدوار اور کالجز انتظامیہ نے عدالت عالیہ سے رجوع کرلیا۔
عدالت نے طلباء کے مستقبل کے حوالے سے فوری طور پر 190 طالبات اور 234 طلبہ کو رول نمبر سلپ کرنے کی ہدایت کی مگر معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب بورڈ حکام نے انکشاف کیا کہ 424 امیدواروں کے داخلہ فارم ہی جمع نہیں کروائے گئے کیونکہ تاحال رجسٹریشن کا معاملہ حل نہیں ہوا تھا، اس لئے داخلہ فارم کا پورٹل ہی اوپن نہیں کیا گیا تھا۔
داخلہ فارم جمع ہونا لازمی اور ضروری ہے اور قانون کے مطابق داخلہ فارم پرہی رولنمبر جاری ہوسکتی ہے اس لئے طلبا کو بورڈ قوانین کے مطابق پہلے داخلہ فارم جمع کرانا ہوں گے۔
اس لئے بورڈ حکام نے عدالتی احکامات بارے سی ایم دائر کردی، جس میں داخلہ فارم اور فیس جمع نہ ہونے بارے آگاہ کیا گیا جس کی وجہ سے رولنمبر سلپ بھی جاری نہیں کی گئیں۔
بورڈ قوانین کے مطابق اس وقت داخلہ فارم اور فیس 2 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، بورڈ حکام عدالتی احکامات کی روشنی میں رجسٹریشن فیس روک بھی دیں تو داخلہ فیس دینا ہوگی جس کا فیصلہ اب سوموار کو ہوگا۔
دریں اثنا گزشتہ روز کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پولیس کی بھاری نفری ملتان بورڈ میں تعینات کردی گئی جو صبح سے لیکر شام تک موجود رہی۔
بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک صرف ایک طالب علم نے اپنی مدد آپ کے تحت داخلہ فارم اور فیس جمع کراکے رولنمبر سلپ حاصل کی ہے دیگر طلباء کےلئے بورڈ میں ہیلپ ڈیسک بنادیا گیا ہے ۔




















