شہری علاقوں میں احساس دستر خوان لگانے کافیصلہ

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے قائم احساس دستر خواں کے منصوبے کو مزید بڑھایا جارہا ہے، اس سلسلے میں عوامی خدمت کا ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے شہری علاقوں میں بھی احساس دستر خوان قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی حکام کے ہمراہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفتر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پر قائم احساس دستر خواں نے صوبے بھر میں مثبت تاثر چھوڑا، اور عوامی خدمت کی ایک شاندار مثال قائم کی ، اس خدمت کے سفر کو آگے لے جانے کیلئے شہر میں احساس دستر خوان کیلئے جگہ کا تعین شروع کردیا گیا ہے۔
مخیر حضرات کے تعاون سے نئے احساس دستر خوان لگانے کے حوالے سے اقدامات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پر بھی دستر خواں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، کیونکہ بھوکے کو کھانا کھلانے سے بڑی انسانی خدمت کوئی نہیں۔
ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں مخیر حضرات کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفئیر نئے دستر خوان کے انتظامی امور سنبھالے گا۔














