آل پاکستان انٹر بورڈز ہینڈ بال چیمپئن شپ کا آغاز

تعلیمی بورڈ ملتان کی میزبانی میں آل پاکستان انٹر بورڈز ہینڈ بال چیمپئن شپ کا ملتان بورڈ کیمپس گراؤنڈ پر آغاز ہو گیا ۔میزبان بورڈ ملتان کے چیئرمین حافظ محمد قاسم نے ایونٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایونٹ میں شریک مالا کنڈ۔ گوجرانوالہ۔ سوات ۔بنوں اور ملتان بورڈز کے آفیشلز بھی موجود تھے۔
چیئرمین حافظ محمد قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بورڈ ہینڈ بال چیمپئن شپ کا ملتان میں انعقاد ہمارے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان بورڈ کی ٹیمیں اب تک ہونیوالے مختلف کھیلوں کے آل پاکستان مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ جمناسٹک میں ملتان نے پہلی اور لان ٹینس میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔
میزبان ملتان بورڈ کے انچارج سپورٹس ملک نثار نے آل پاکستان انٹر بورڈز ہینڈ بال چیمپئن شپ بارے بریفنگ میں بتایا کہ سنگل لیگ کی بنیاد پر ایونٹ میں 5 تعلیمی بورڈز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
بعد ازاں پہلے روز 5 لیگ میچوں کا فیصلہ ہوا۔
ملتان نے اپنے دونوں میچز جیت لیے۔ گوجرانوالہ اور مالا کنڈ نے ایک میچ جیتا اور ایک میں شکست کھائی۔ بنوں اور سوات کواپنے دونوں لیگ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
ایونٹ کے دوسرے روز آج بھی پانچ لیگ میچز کھیلے جائیں گے۔