آل پاکستان انٹر یونیورسٹی بیس بال ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز

ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تحت آل پاکستان انٹر یونیورسٹی بیس بال ٹورنامنٹ 13 فروری سے 17 فروری تک منعقد کیا جائے گا۔
میچز کا افتتاح وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان اور چئیرمین ایویال گروپ آف انڈسٹریز جناب آصف مجید کریں گے۔
وائس چانسلر نے اپنے بیان میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی پہلی مرتبہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے رہا ہے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے اس اعزاز کا کریڈٹ ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر ظفر شیروانی کو دیا، اور عندیہ دیا کہ آئندہ بھی تمام ہم نصابی و کھیلوں کی سرگرمیوں میں ایمرسن یونیورسٹی بڑھ چڑھ کے حصہ لے گی اور نوجوان نسل کی ذہنی و جسمانی صحت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
وائس چانسلر نے چیرمین ایویال گروپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ہی یونیورسٹی جیسے اداروں میں عملی طور پر طلبا و طالبات کی صحیح اخلاقی تربیت کی جا سکتی ہے۔