آل پنجاب ایجوکیشن بورڈز ایمپلائز یونین کے چیئرمین ملک نثار رات گئے رہا کردیے گئے
ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ ملتان اور چیئرمین پنجاب بورڈ ز ایمپلائز فیڈریشن ملک نثار احمدکے خلاف تھانہ سیتل ماڑی میں درج کی گئی جھوٹی اور بے بنیاد ایف آئی آر کے خلاف پنجاب بھر کے بورڈز میں احتجاج جاری تھا، آج صبح انٹرمیڈیٹ کے پارٹ فرسٹ کے نتائج کا اعلان ہونا تھا، جس کی تیاری معطل کا شکار رہی، خدشات تھے کہ صبح نتائج کا اعلان نہ ہوسکے ،جس پر پولیس نے رات گئے ملک نثار کو رہا کردیا اور کہا کہ وہ جاسکتے ہیں اور مزید کوئی وجہ بتانے سے معذرت کی۔
جبکہ پولیس ذرائع کا کہناہے کہ ملک نثار کے خلاف دی گئی درخواست جھوٹ ثابت ہوئی ہے، مدعی نامعلوم تھا، اس لئے ان کو رہا کردیا گیا ہے ۔
دوسری طرف ملک نثار کا کہنا ہے کہ یہ حق سچ کی فتح ہے، ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہٹیں گے۔
آج صبح سیکرٹری ایچ ای ڈی سے مذاکرات ہیں، اس لئے فوری طور پر لاہور روانہ ہو رہا ہوں، امید ہے معاملات خیریت سے حل ہو جائیں گے، اور ملازمین کے سرپر لٹکی ہوئی تلوار ہٹ جائے گی ۔