ویمن یونیورسٹی ملتان : جنوبی پنجاب میں پہلی بار اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیمینار کا کامیاب انعقاد

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کے زیر اہتمام ہونے والے اس سیمینار کا مقصد طلباء، کھلاڑیوں اور متعلقہ حکام میں ممنوعہ نشہ آور اور پرفارمنس بڑھانے والی ادویات کے نقصان دہ اثرات کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔
سیمینار یونیورسٹی کے کچہری کیمپس میں وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں منعقد کیا گیا، سیمینار کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کیا۔
انہوں نےخطاب میں کہا کہ اگرچہ ڈوپنگ وقتی جسمانی فوائد فراہم کر سکتی ہے، مگر طویل مدتی صحت کے لیے شدید خطرات کا سبب بنتی ہے اور یہ نہ صرف فرد بلکہ قومی وقار کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بہت سے کھلاڑی جو ان ادویات پر انحصار کرتے ہیں، بعد میں جان لیوا بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ڈویژنل اسپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمٰن خان نےعالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی جانب سے مقررہ قوانین، ہدایات اور ممنوعہ ادویات کی تفصیل پیش کی اور متعدد قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی مثالیں بھی دی جو پرفارمنس بڑھانے والی ادویات کے غلط استعمال کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
سیمینار میں ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر رائمہ نذر، تحصیل اسپورٹس آفیسر ملتان صدر فاروق لطیف چوہدری، ڈاکٹر عدیلہ سعید، اسپورٹس سائنسز ریسرچر مرزا عدنان اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے میڈیا کوآرڈینیٹر و ٹیکنیکل آفیسر محمد پرویز پراچہ نے اہم نکات پیش کیے۔
ڈاکٹر رائمہ نذر اختتامی کلمات میں کہا کہ سیمینار ساؤتھ پنجاب میں اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ اور آگاہی کے حوالے سے پہلا قدم ثابت ہوا، جو خطے میں صاف، شفاف اور ذمہ دارانہ کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
شرکاء نے اپنی دلچسپی اور تعاون سے اس پیغام کو اجاگر کیا کہ کھیل میں کامیابی کے لیے صحت مند اور ایماندارانہ رویہ اپنانا لازمی ہے۔


















