بین الاقوامی اولمپیاڈ انفارمیٹکس کے لئے درخواستیں طلب

بین الاقوامی اولمپیاڈ انفارمیٹکس سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکول کی سطح کے طلباء کے لیے کمپیوٹر سائنس کا دنیا کا سب سے باوقار مقابلہ ہے۔
مقابلے کا بنیادی مقصد کمپیوٹر سائنس اور پروگرامنگ کے شعبے میں نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، یہ طالب علموں کو چیلنج کرتا ہے کہ وہ پیچیدہ الگورتھمک مسائل کو حل کرنے اور مسابقتی ماحول میں اپنی پروگرامنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا اطلاق کریں۔
فیڈرل بورڈ نے حکومتی احکامات کی روشنی میں پاکستان اولمپیاڈ انفارمیٹکس میں شرکت کےلئے ٹیم تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں شرکت کےلئے بہترین طلباء کا انتخاب کیا جائے گا۔
بولیویا میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی اولمپیاڈ انفارمیٹکس 2025 میں شرکت کے لیے منتخب بہترین طلباء کو تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس کے علاوہ پی او ایل میں سب سے زیادہ کامیابی حاصل کرنے والوں کو بھاری انعامات اور اعزازات بھی دیے جائیں گے، یہ مقابلہ ملک بھر کے تمام گریڈ (میٹرک/کیمبرج/ مساوی نظام) کے طلباء کے لیے ہے، جو پروگرامنگ کا جنون رکھتے ہیں اور مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پچھلے سال یہ مقابلہ اسکندریہ، مصر میں منعقد ہوا پاکستانی ٹیم نے پہلی بار اس میں شرکت کی اور ایونٹ کے دوران ہمارے طلباء کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے دو کانسی کے تمغے اور ایک اعزازی سرٹیفکیٹ حاصل کیا، یہ اس اعلیٰ ترین بین الاقوامی پروگرامنگ مقابلے میں پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا، پاکستان دنیا کے 96 مسابقتی ممالک میں مجموعی طور پر 45 ویں نمبر پر ہے، رواں سیزن میں رجسٹریشن تمام طلباء کے لیے 15 مارچ 2025 تک کرواسکتے ہیں ۔