سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان ضلعی سطح پر آرٹ مقابلوں کا انعقاد

حکومت پنجاب کی ہدایت پر سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی زیر نگرانی گورنمنٹ مون لائٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول نیو ملتان میں سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کے درمیان ضلعی سطح پر آرٹ مقابلوں کا انعقاد ہوا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ملتان متین اصغر، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر انم صغیر اور ڈی ای او ایلمنٹری ملتان میاں خالد عالم مہمانان خصوصی تھے۔
ان مقابلوں کا مقصد بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مثبت انداز میں خود کو محفوظ کرنے کے طریقوں سے آگاہ کرنا ہے، اس سے بچوں میں خود اعتمادی اور کردار سازی میں اضافہ ہوگا ۔ گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے موضوع پر طلباء کے درمیان مقابلہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول باہو والہ کے طالب علم محمد احمد نواز نے پہلی پوزیشن، گورنمنٹ ہائی سکول جھوک لشکر پور کے محمد عدیل نے دوسری، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جلالپور پیر والا سے محمد رحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ طالبات کے مقابلوں میں گورنمنٹ پرائمری سکول (ASP) دائرہ پور نمبر 2 سے عروج فاطمہ نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خالق پورہ ملتان کی مہک یونس نے دوسری اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ایاز آباد مڑل سے زاہرہ کومل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈی ای او ایلمنٹری زنانہ ملتان نزہت پروین، ڈپٹی ڈی ای او تحصیل صدر ملتان راؤ شاہ محمد، پرنسپل خالدہ شاہین اور اے ای او صابر حسین کی نگرانی میں آرٹ مقابلے ہوئے ۔
مہمان خصوصی متین اصغر اور انم صغیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں بچوں کے حقوق کا تحفظ سر فہرست ہے ۔




















