جامعہ زکریا : ملتان کالج آف آرٹس میں فن پاروں کی نمائش شروع

بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کالج آف آرٹس میں فن پاروں کی نمائش شروع ہو گئی ہے ۔
2018 سے 2022 فائنل ائیر طلبہ کے تھیسیس کی نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کیا ، جبکہ پنجاب یونیورسٹی لاہور سے پروفیسر ڈاکٹر سمیرا جواد مہمان خصوصی تھیں ۔
اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر صوفیہ سمیت اساتذہ کرام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جبکہ نمائش میں شریک طلباء وطالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی اور ڈاکٹر سمیراجواد نے بی ایف ڈیزائن سمیت دیگر شعبہ جات سے منسلک طلبہ کے شاہکار فن پاروں کی نمائش کا معائنہ کیا اور انہیں بے حد پسند کیا ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے فن پاروں میں کلچر کے جھلکتے رنگوں اور زندگی کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے روز مرہ کے موضوعات کو خوبصورتی سے کینویس پر اتارنے کے عمل کو بھی بے حد سراہا ، اور کہا کہ ملتان کالج آف آرٹس کے طلبہ کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے اور اساتذہ کرام نے جس طرح محنت کی ہے وہ بھی قابل تعریف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ اسی لگن اور محنت سے اگر اپنا سفر جاری رکھیں گے تو کامیابی ان کے قدم چومے گی ۔
کالج آف آرٹس میں فن پاروں کی نمائش تین روز تک جاری رہے گی۔