20 واں گورنر سٹیٹ بینک کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بینک الحبیب نے جیت لیا

بنکرز کلب ملتان کے زیر اہتمام 20واں گورنر سٹیٹ بنک کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بینک الحبیب کی جیت سے اختتام پذیر ہو گیا، فائنل میچ میں بنک الحبیب نے سٹیٹ بنک کو 38برنز سے شکست دی۔
میچ تفصیلات کے مطابق بنک الحبیب نے شاہد بشیر کی کپتانی میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 228رنز بنائے، ابراہیم نے 75، فہیم 49رنز بنا کر نمایاں رہے ، اویس نے سٹیٹ بنک کی طرف سے 2کھلاڑی آؤٹ کئے۔
جواب میں سٹیٹ بنک کی ٹیم فہیم ارشد کی قیادت میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 190رنز بنا کرسکی، یوں بنک الحبیب 38 رنز سے فائنل میچ جیت گیا، سٹیٹ بنک کی طرف سے مقیت 42، مہیر 37 رنز کے ساتھ ٹاپ بیٹر رہے جبکہ سکندر نے بینک الحبیب کی جانب سے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 2وکٹ لئے، میچ کے بہترین کھلاڑی جنید قرار پائے۔
ایمپائرنگ کے فرائض عبدالرؤف،آصف،وسیم شاہ اور نورالدین قمر نے سرانجام دئیے کمنٹری فیاض بھٹی نے کی۔
فائنل میچ کے اختتام پر تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں چیف منیجر سٹیٹ بنک آٖف پاکستان ملتان جاوید اقبال مارتھ نے ونر اپ اور رنر اپ ٹیموں سمیت دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، مغیر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال مارتھ نے کامیاب ٹورنامنٹ کرانے پر آرگنائزنگ کمیٹی اور فائنل میچ جیتنے پر بینک الحبیب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈسپلن اور اخلاقیات کے بغیر کھیل کھیل نہیں بنکرز کلب کی جانب سے یہ ٹورنامنٹ جاری رہے گا ۔
انشاء اللہ اگلے ماہ خواتین بینکاروں کے مابین بھی کرکٹ سیریز منعقد کی جائے گی اور بینکوں کے ریجنل ہیڈز کے مابین فیسٹیول میچ بھی منعقد ہو گا، جس کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کھیلوں کے بہانے تفریح کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں ڈپٹی چیف منیجرز سٹیٹ بنک مس تمکین علی،جاوید ایچ نیئر،زونل ہیڈ و جنرل منیجر بنک الحبیب محمود زاہد،سینیئر چیف منیجر بنک الحبیب موسیٰ بن طارق،فہیم ارشد، شفاقت علی، ابتسام خالد، سہیل رسول دیگر شریک تھے۔