جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کےلئے بڑی خوشخبری

جنوبی پنجاب میں بہاولپور ڈویژن کے تینوں اضلاع (بہاولپور،بہاولنگر،رحیم یار خان)کے ہزاروں نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم اور روزگارکے مواقع فراہم کرنے کے لیے سماجی تنظیم لودھراں پائلٹ پراجیکٹ ، صوبائی ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور ڈبلیو ایچ ایچ کے مابین ایک اشتراکی معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ہوا۔
تقریب میں چیئرمین ٹیوٹا پنجاب مامون جعفر تارڑ، کنٹری ڈائریکٹر مس عائشہ جمشید اور ڈاکٹر محمد عبدالصبورنے سہہ فریقی معاہدہ پر دستخط کیے۔
"نوجوانوں کا سماجی و اقتصادی استحکام بذریعہ معاشی خود انحصاری” پراجیکٹ کے تحت بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے غریب مستحق مرد و خواتین، خواجہ سرا، معذور، اقلیتی اور غیر ہنرمند نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں مثلاً کمپیوٹر کورسز، ویلڈنگ ورک،پلمبر ورک،سولر پینل ورک، الیکٹریشن،اے سی، فریج میکینک، موبائل ریپیئرنگ، بیوٹیشن، ٹیلرنگ کے علاوہ دیگر مہارتوں میں تربیت دی جائے گی، اور اس کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
آخر میں ایل پی پی کی سینئر منیجمنٹ سے ڈاکٹر محمد عبدالصبورنے کہا کہ پراجیکٹ کے تحت خطے میں بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو معاشی طورپر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اس معاہدے کو جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے بہت بڑا سنگ میل قرار دیا۔