نویں اور گیارہویں جماعت کے طلباء کی رجسٹریشن کے لیے بائیو میٹرک حاضری لازمی قرار

امتحانی نظام میں شفافیت اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے اہم اصلاحات نافذ کر دی گئی ہیں، جس کے تحت نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کی رجسٹریشن کے لیے بائیو میٹرک حاضری لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
ملتان بورڈ حکام کے مطابق رجسٹریشن کے عمل کے دوران طلبہ کے دونوں ہاتھوں کے انگوٹھوں کی بائیو میٹرک اسکیننگ کی جائے گی اس مقصد کے لیے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بائیو میٹرک انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تمام سکولوں کے لیے تھم اسکیننگ ڈیوائس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی لازم ہوگی، جبکہ بائیو میٹرک عمل صرف بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ سافٹ ویئر کے ذریعے ہی مکمل کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کے وقت دونوں انگوٹھوں کے نشانات لینا لازمی ہوگا، اور کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت کی صورت میں متعلقہ تعلیمی ادارے کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
بورڈ حکام نے تمام اداروں سے طلبہ کی بروقت رجسٹریشن کے لیے مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بائیو میٹرک نظام سے متعلق مزید تفصیلی ہدایات جلد جاری کر دی جائیں گی۔




















