تعلیمی بورڈ ملتان کی سالانہ کھیلوں کی تقریب، کمشنر ملتان کی خصوصی شرکت

سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں جیتنے والے سکولزو کالجز کےطلباء وطالبات کی تقسیم تقریب انعامات جوبلی ہال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان میں منعقد ہو ئی، جس میں مہمانِ خصوصی عامر کریم خان چیئرمین، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان و کمشنر ملتان ڈویژن تھے۔
اس موقع پر عامر کریم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھیل کی سرگرمیاں نہ صرف صحت کے لیے بلکہ مالی طور پر بھی نوجوانوں کو مستحکم کر سکتی ہیں۔ کھیل صرف جسمانی سرگرمی نہیں بلکہ کردار سازی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظہر ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل بھی کامیاب زندگی کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کی صلاحیتوں کو جانچیں اور انکو سپورٹ کریں ۔ ارشد ندیم نےملتان بورڈ کے میدان سے اپنے کھیل کا آغاز کیا۔ ارشد ندیم نے جس طرح ملک کا نام روشن کیا آپ نوجوان بھی کر سکتے ہیں ۔
تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ حکومتِ پنجاب اور بورڈ کی جانب سے ہم ہمیشہ ایسے مثبت اور تعمیری مقابلوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ میری دعا ہے کہ یہ نوجوان آگے بڑھ کر ملک و ملت کا نام روشن کریں۔
خرم شہزاد قریشی سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان نے خطاب کرتے ہوے کہاکہ آج کے اس پروقار موقع پر میں تمام جیتنے والے طلباء و طالبات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے طلباء نے کھیلوں میں جس جذبے، محنت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، وہ واقعی قابلِ تحسین ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آج کے یہ کامیاب طلباء کل کے قومی ہیروز ثابت ہوں گے۔ میری دعا ہے کہ یہ نوجوان آگے بڑھ کر ملک و ملت کا نام روشن کریں۔
نتائج کے مطابق پنجاب گروپ آف کالجز نے 17ٹرافی کے ساتھ پہلی، سنٹرل کالج نے دوسری اور رفا کالج خانیوال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی، ڈاکٹر حافظ فدا حسین ،ڈاکٹر فرید شریف، ڈاکٹر شرافت علی ،ڈاکٹر طاہر سلطان ،علی سخنور ،ملک نثار احمد، صفدر واہگہ اور دیگر موجود تھے۔




















