Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

بیٹی کی پیدائش کے بعد بسمہ معروف کی کرکٹ میں واپسی۔۔۔قومی ٹیم کا اعلان

پاکستان کی معروف بیٹر بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں شرکت کے لیے دستیابی ظاہر کردی ہے۔

وہ گلوبل ایونٹ کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے کراچی میں شیڈول وارم اپ میچز میں شرکت کریں گی۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کی سلیکشن کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی ممکنہ 36 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں بسمہ معروف کا نام بھی شامل ہے۔

یہ تمام کھلاڑی 10 سے 19 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شیڈول سات میچز پر مشتمل سہ فریقی سیریز میں شرکت کریں گی۔

ان 36 کھلاڑیوں کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ سہ فریقی سیریز میں شامل تیسری ٹیم مقامی لڑکوں پر مشتمل ہوگی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 چار مارچ سے تین اپریل تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔

مجموعی طور پر 108 ون ڈےاور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی بسمہ معروف نے 2006 میں اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے بیٹی کی پیدائش کے باعث دسمبر 2020 میں زچگی کی چھٹی لی تھی، اور ان کی بیٹی اگست 2021 میں پیدا ہوئی تھی۔ بسمہ معروف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرلاہور میں فٹنس سیشنز اور اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کرچکی ہیں تاہم وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری سے صحتیاب ہوکر جلد ہی اپنے نیٹ سیشنز کا بھی آغاز کردیں گی۔

بسمہ معروف کاکہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ ان کی زندگی کے حسین ترین لمحات تھے۔ ماں بننا اور پھر اپنی بیٹی کے ساتھ وقت گزارنے پر وہ بہت خوش ہیں مگر اب وقت آگیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے اپنے جنون پر دوبارہ توجہ دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زچگی کی چھٹی نے انہیں بچے کی پرورش اور اپنے پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر میں توازن کو برقرار رکھنے میں مدد کی، پی سی بی کی پیرینٹل اسپورٹس پالیسی نے ان کی کرکٹ میں واپسی کو آسان بنایا ہے۔

بسمہ معروف نے کہا کہ وہ اب دوبارہ پاکستان کی نمائندگی سے متعلق اپنے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچاسکتی ہیں، وہ نیوزی لینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اگر بسمہ معروف گلوبل ایونٹ کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں منتخب ہوجاتی ہیں تو انہیں پی سی بی کی اس پالیسی کے تحت ایونٹ میں اپنی بیٹی اور اس کی دیکھ بھال کے لیے ایک فرد کو ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان 25 جنوری کو کیا جائے گا۔

دوسری طرف، عروج ممتاز قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کی سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہوگئی ہیں۔ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے پروفیشنل کیرئیر کو آگے بڑھانے اور اس کھیل میں دیگر مواقع کے حصول پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا ہے ۔
اسماویہ اقبال کو قومی خواتین کرکٹ کی نئی سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے دو اراکین سلیم جعفر اور توفیق عمر سلیکشن معاملات میں ان کی معاونت کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت چیئر آف ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کی خدمات پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے بھرپور لگن سے اس کردار کو نبھایا جس پر پی سی بی ان کا شکر گزار ہے۔ وہ ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کی سربراہی اور خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی میں کردار ادا کرناان کے لیے ایک شاندار تجربہ رہا ۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنی تمام ساتھیوں کی مشکور ہیں۔

36 ممکنہ کھلاڑیوں میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ بلال، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فریحہ محمود، فاطمہ ثنا خان، غلام فاطمہ (فٹنس سے مشروط)، گل فیروزہ، ارم جاوید، جویریہ رؤف، جویریہ خان، کائنات حفیظ، کائنات امتیاز (فٹنس سے مشروط)، ماہم طارق، منیبہ علی، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا نذیر، صدف شمس، سعدیہ اقبال، صائمہ ملک، سدرہ امین، سدرہ نواز، سیدہ عروب شاہ، طوبٰہ حسن اور ام ہانی شامل ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button