ویمن یونیورسٹی میں بلڈ کیمپ کا انعقاد، طالبات اور اساتذہ نے خون کی بوتلوں کا عطیہ دیا

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ سٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام ریجنل بلڈ سنٹر ملتان اور انڈس ہسپتال کے تعاون سے بلڈ کیمپ اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبات اور اساتذہ نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور تھیلسیمیا اور ایمرجنسی کےلئے خون کی فراہمی میں اپنا حصہ ڈالا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کیمپ کا جائزہ لیا اور خون کا عطیہ کرنے والی طالبات اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔
بعد ازاں بلڈ عطیہ کرنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ قران میں فرمایا گیا ہے کہ جس نے ایک انسانی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچالیا۔
اس دنیا میں سب سے بہترین عمل کسی کی جان بچانے کی کوشش کر نا ہے اور خون کے عطیات دینے سے مختلف بیماریوں سے لاحق ہزاروں مریضوں کی جان بچائی جا سکتی ہے، موروثی امراض سے لڑنے والے بچوں کی زندگی کی بقاء عوام کے عطیات خون پر منحصر ہے۔
تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات ان معصوم بچوں کی سانسیں رواں دواں رکھنے کے لئے بلڈ سنٹرز کا ساتھ دیں۔
ڈاکٹر اقصیٰ نے کہا کہ محفوظ خون کی فراہمی، موت کی دہلیز پر کھڑے مریضوں کے لئے زندگی کی نوید ہوتی ہے اس سے بلخصوص کینسر کے مریضوں اولوکیمیا کے شکار بچوں کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے طالبات کو خون کے عطیہ کرنے کے حوالے سے آگاہی دی،خون کے عطیات کے فوائد اور نقصانات بارے بتایا۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید ٹیچرز اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔