ایمرسن یونیورسٹی میں کتب میلے کا انعقاد

عالمی یومِ کتاب و حقِ تصنیف کے موقع پر ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں دو روزہ کتاب میلے کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا، اساتذہ، اسکالرز اور علمی و ادبی حلقوں کی معروف شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کتاب میلہ ایمرسن یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں مطالعے کا رجحان پیدا کرنا اور تحقیق و علم کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔
تقریب کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ کیا اور مختلف کتب اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اپنے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ "ہم چاہتے ہیں نوجوان دوبارہ کتاب سے رشتہ جوڑیں اور مطالعے کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔” کتاب میلے میں ادب، اسلامیات، تاریخ، سوانح عمری، سائنسی تحقیق، بچوں کے ادب اور دیگر موضوعات پر مبنی سینکڑوں کتب پیش کی گئیں۔ طلبہ و طالبات نے نہ صرف کتابیں خریدیں بلکہ معروف مصنفین اور اسکالرز سے تبادلہ خیال کا موقع بھی حاصل کیا۔
اس موقع پر صادقہ ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم، پرو وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، معروف ادبی شخصیت اور روہی ایڈیٹر امجد بخاری، شاکر حسین شاکر، شوکت اشفاق، پروفیسر نسیم شاہد، پروفیسر نعیم مسعود، سینیئر صحافی جمشید رضوانی اور چیف لائبریرین وارث بھٹی سمیت دیگر معزز مہمان بھی شریک تھے۔