ملتان میں باکسنگ ٹرائلز کا انعقاد

ملتان اور گرد و نواح کے نوجوانوں کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ باکسنگ مقابلوں کا آغاز حکومتِ پاکستان کی نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور انہیں آگے لانے کے عزم کا مظہر ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم پاکستان جناب شہباز شریف نوجوانوں کی مکمل پشت پناہی کر رہے ہیں اور حکومتِ پاکستان وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تکنیکی، ٹیکنالوجیکل اور کھیلوں کے میدانوں میں مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کسی سے کم نہیں، پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا کے کسی بھی کونے میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئیں ہم سب مل کر خاص طور پر دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو ایک روشن، محفوظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی جانب رہنمائی فراہم کریں۔
چیئرمین نے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت پورے ملک کے 25 شہروں میں باکسنگ ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ شہری اور دیہی علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جا سکے۔
پنجاب میں یہ ٹرائلز ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں ہوں گے، جو اس صوبے کی کھیلوں میں مسلسل اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومتِ پنجاب قومی یوتھ ایجنڈے سے ہم آہنگ ہو کر نوجوانوں کی ترقی کے لیے تعلیم، کھیل اور قیادت جیسے شعبوں میں مختلف اقدامات کر رہی ہے۔