خانیوال سٹیشن پر پل کا سلیب گرنے سے ایس ٹی ای جان کی بازی ہار گیا؛ خاتون زخمی، تین افسران معطل

خانیوال سٹیشن پر مسافروں کے لیے بنائے گے پل کا ایک سلیب گر گیا، بدقسمتی سے اس وقت ڈیوٹی پر موجود ایس ٹی ای محمد اکرم لاہور ڈویژن جن کا تعلق اوکاڑہ کینٹ سے تھا اور وہ اپنی مقررہ ٹرین 33 اپ پاک بزنس ایکسپریس کا انتظار کر رہے تھے وہ پل کا ایک حصہ گرنے سے نیچے آکر جان کی بازی ہار بیٹھے جبکہ ایک خاتون مسافر زخمی ہوگئی۔
واقعہ کی مکمل انکوائری کے لئے ہیڈکوارٹرز سے اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم لاہور سے جائے حادثہ پر پہنچ گئی، جو اپنی رپورٹ وفاقی وزیر ریلوے کو پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پر شہید ایس ٹی ای محمد اکرم کے لواحقین کے لیے ابتدائی طور پر 2 لاکھ روپے کی امداد اور زخمی مسافر خاتون ماہ پارہ بی بی کے لیے ایک لاکھ کی امداد دی گی ہے۔
دریں اثنا خانیوال اسٹیشن پر مسافر پل کا حصہ گرنے کا معاملے پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے 3 ریلوے افسران کو معطل کر دیا ہے، واقعہ کے بعد گریڈ 18 کے ڈویژنل انجینئر عابد رزاق کو معطل کر دیا گیا، گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجینئر راجہ یوسف اور گریڈ 16 کے انسپکٹر برج ملتان محمد عادل کو بھی معطل کر دیا۔ اس حوالے سے وزیر ریلوے نے معاملے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ادھر سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ریلوے نے خانیوال پہنچ کر خانیوال پر جائے حادثہ کا دورہ کیا، اس کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے، ہسپتال میں زخمی عورت کی عیادت کی اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر ایک لاکھ روپے مریضہ کے حوالے کیے۔