زکریا یونیورسٹی کا 48 کروڑ سے زائد خسارے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
زکریا یونیورسٹی کا 6 ارب 69 کروڑ سے زائد کا بجٹ تیار، فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا خسارا 48 کروڑ سے تجاوز کرگیا۔
نئے وائس چانسلر کی تعیناتی کے بعد زکریا یونیورسٹی کا سالانہ بجٹ 2024 فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال میں زکریا یونیورسٹی کو 48 کروڑ سے زائد کا خسارا برداشت کرنا پڑے گا، اس اس مالی سال میں آمدنی کا تخمینہ 6ارب 69کروڑ 35لاکھ روپے لگایا گیا ہے، اوپننگ بیلنس چھ کروڑ 26لاکھ روپے رہا، سیلف سپورٹنگ پروگرام کی مد میں 21کروڑ 43لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔
ایچ ای سی کی طرف سے ایک ارب 71کروڑ روپے جبکہ پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے 42کروڑ 25لاکھ روپے کی گرانٹ متوقع ہے ، فیس کی مد میں ایک ارب 89کروڑ روپے کی آمدن متوقع ہے، سیلف سپورٹنگ پروگرام سے یونیورسٹی کو 36کروڑ 92لاکھ روپے آمدن ہوگی،ہاسٹل فیس کی مد میں 25کروڑ40لاکھ روپے کی آمدن ہوگی ایوننگ پروگرام سے 73کروڑ 73لاکھ روپے کی آمدن متوقع ہے سرمایہ کاری سے 51کروڑ 19لاکھ کی آمدن متوقع ہے اس طرح یونیورسٹی کی آمدنی کا تخمینہ 6ارب 69کروڑ35لاکھ روپے لگایا گیاہے جبکہ اخراجات کی مد میں تنخواہوں اور الاونس کی مد میں 3ارب 58کروڑ10لاکھ روپے رکھے گئے ہیں تنخواہوں میں اضافے کے لئے 49کروڑ14لاکھ روپے رکھے گئے ہیں متفرق اخراجات کے لئے دو ارب 26کروڑ50لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ ایس ایس ای اخراجات کے لئے 84کروڑ36لاکھ روپے رکھے گئے ہیں اس طرح اخراجات کاتخمینہ سات ارب 18کروڑ روپے لگایاگیا ہے اس طرح بجٹ خسارا 48کروڑ70لاکھ روپے متوقع ہے ایف اینڈ پی سی کے اجلاس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کریں گے ۔ واضح رہے اس سے قبل سابق قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمود علی شاہ نے عارضی طور پر مشروط بجٹ منظور کیا تھا جس میں تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کی منظوری دی گئی تھی