Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

جامعہ زکریا : اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے احتجاج کا اعلان کر دیا

اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بی زیڈ یو ملتان کا وفاقی حکومت کی طرف سے صوبائی چارٹرز کے تحت قائم جامعات کے اخراجات جاریہ کو ختم کرنے کے اعلان پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے اور احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔

اس سلسلے میں صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر عبد الستار ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے صوبائی چارٹرز کے تحت قائم جامعات کے اخراجات جاریہ کو ختم کرنے اور وفاقی بجٹ میں صرف وفاقی چارٹرز کے تحت قائم جامعات کے اخراجات جاریہ کے لیے فنڈز رکھنے کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عبد الستار ملک نے مزید کہا کہ ملک بھر کی جامعات پہلے ہی شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور بہت ساری جامعات میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے بھی فنڈز موجود نہیں ہیں، پچھلے آٹھ سال سے جامعات کے لیے اخراجات جاریہ کی مد میں رکھے گئے فنڈز منجمد ہیں۔ پچھلے کافی عرصہ سے جامعات کی ایسوسی ایشنز اخراجات جاریہ کو بڑھانے کا مطالبہ کرتی آئی ہیں، تاکہ یونیورسٹیوں کے مالی بحران پر قابو پایا جا سکے، بجائے اس کے کہ وفاقی حکومت ملک بھر کی جامعات کے اخراجات جاریہ کے لیے رکھے گئے فنڈز میں اضافہ کرتی، نئے بجٹ سے پہلے اچانک یہ فیصلہ مسلط کر دیا گیا ہے کہ آئندہ وفاقی حکومت صرف وفاقی چارٹرز کے تحت قائم یونیورسٹیوں کے لیے ہی اخراجات جاریہ کی مد میں فنڈز جاری کرے گی۔

وفاقی حکومت کا یہ فیصلہ اعلی تعلیم کے ساتھ دشمنی اور ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے جس کے بہت دور رس اور خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

ملک بھر کی جامعات کے اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین وفاقی حکومت کے اس اچانک فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت دہائیوں سے جاری اعلیٰ تعلیم کے ساتھ کھلواڑ بند کرے اور ملک میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے ضروری فنڈز کے اجرا کو یقینی بنایا جائے۔

ہائیر ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے حوالے سے اختیارات کی منتقلی ایک بتدریج عمل ہے۔جس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا ضروری ہے۔

اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بی زیڈ یو ملتان یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے لیے پیش کیے جانے والے بجٹ میں ملک کی تمام جامعات کے لیے فنڈز کے رکھے جانے کو یقینی بنائے اور کسی بھی طرح کی نئی پالیسی کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک کمیٹی بنائی جائے جو اپنی سفارشات مرتب کرے اور ان سفارشات کی روشنی میں ایک بتدریج لائحہ عمل کے ذریعے اختیارات اور ذمہ داریوں کو منتقل کیا جائے۔

پروفیسر ڈاکٹر عبد الستار ملک نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کی جامعات کے بجٹ کے حوالے سے موجودہ بے چینی کی صورتحال کے حوالے سے فوراً وضاحتی اعلان جاری کیا جائے۔فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) کی کال پر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں 30 مئی بروز جمعرات یوم سیاہ منایا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button