جامعہ زکریا: بورڈ آف فیکلٹی برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس

زکریا یونیورسٹی میں بورڈ آف فیکلٹی برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت انجینئر ڈاکٹر طاہر سلطان نے کی۔
اجلاس میں ڈاکٹر عمران ملک، ڈاکٹر عبدالستار ملک، ڈاکٹر عامر عباس شیرازی، ڈاکٹر سمرا یوسف، ڈاکٹر تنویر خان، ڈاکٹر طاہر حسن قریشی، ڈاکٹر وحید احمد، ڈاکٹر مدثر منیر خان اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان کی ہدایات کے مطابق نئے ڈگری پروگرامز کی منظوری دی گئی۔ ان میں ایم ایس سی سول انجینئرنگ، ایم ایس سی بلڈنگ آرکی ٹیکچرل انجینئرنگ، ایم ایس سی مکینیکل انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ پی ایچ ڈی پروگرامز برائے کمپیوٹر انجینئرنگ اور ٹیکسٹائل انجینئرنگ شامل ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سال 2025 سے ایف ایس سی پری میڈیکل کے طلباء کو بھی انجینئرنگ میں داخلے کا موقع دیا جائے گا، اور ان کے لیے بنیادی ریاضی کی تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے زیرو سمیسٹر متعارف کرایا جائے گا۔