زکریا یونیورسٹی کے جونیئر کلرک ملک حسنین بوسن کوقتل کردیا گیا

زکریا یونیورسٹی کے جونیئر کلرک ملک حسنین بوسن جو سوموار کی شام لاپتہ ہوگئے تھے، ان کی تشدد زدہ لاش بدھ کی صبح نہر سے برآمد ہوئی۔
زکریا یونیورسٹی میں جونیئر کلرک کے طور پر کام کرنے والے ملک حسنین بوسن پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماء ہونے ساتھ ساتھ کاروباری شخصیت بھی تھے اور بس اڈا بھی چلاتے تھے۔
سوموار کی شام یونیورسٹی سے واپسی پر واک کےلئے گئے تو لاپتہ ہوگئے، لواحقین نے پولیس کو مطلع کیا۔
چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی سید علی حیدر گیلانی بھی موقع پر پہنچے اور مقدمہ کے اندراج کے بعد پولیس نے تلاش شروع کی، بدھ کی صبح ان کی لاش صدر پور کے قریب نہر سے برآمد ہوئی، پولیس نے لاش قبضے میں لیکر کارروائی شروع کردی۔
دریں اثناء مقتول کی نماز جنازہ گزشتہ شام اداکی گئی، جس میں یونیورسٹی حکام ، ملازمین اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قتل میں قریبی تعلق دار ملوث ہوسکتے ہیں کیونکہ مقتول بڑی پراپرٹی اور زرعی اراضی کا مالک تھا، جس سے قریبی عزیز خائف رہتے تھے ۔