زکریا یونیورسٹی آفیسرز ایسوسی ایشن نے انتقامی تبادلوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے کا فیصلہ کرلیا
زکریا یونیورسٹی کی آفیسرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس گزشتہ روز رانا جنگ شیر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں رجسٹرار کی طرف سے انتقامی تبادلوں کی مذمت کی گئی اور میرٹ بحال کرنے اور سنیارٹی کے مطابق تعیناتیوں کا مطالبہ کیا گیا۔
شرکاء کہنا تھا کہ آفیسر ز نے ہمیشہ زکریا یونیورسٹی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور کبھی مزاحمت کی سیاست نہیں کی مگر اب رجسٹرار اس شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، یونیورسٹی کے سینئر افسروں کو کھڈے لائن لگانے کےلئے تیاریاں کررہے ہی، وائس چانسلر کو بھیجی گئی سمریاں اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
وائس چانسلر رجسٹرار کی اس غیر قانونی حرکت کانوٹس لیں جو اپنے ایسے اقدامات سے وائس چانسلر کے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ رجسٹرار کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کی وجہ سے وائس چانسلر کو یونیورسٹی میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، رجسٹرار نے یونیورسٹی ان ریسٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جواب تک جاری ہے، ہم اپنے افسروں کے غیر قانونی تبادلے نہیں ہونے دیں گے اس کےلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔
ہمار ا مطالبہ ہے کہ رجسٹرار کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہورہی ہے ان کے بعد سنیارٹی کے مطابق افسروں میں رجسٹرار کی تعیناتی کی جائے تاکہ میرٹ کابول بالا ہوسکے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ بہت افسر اپنی پرموشن کے منتظر ہیں مگر کئی برس گزرنے کے باوجود ان کی نہیں سنی جارہی ہے، وائس چانسلر ان کی دار رسی کریں اور ان کا جائز حق ان کو دیں۔
شرکاء نے اعادہ کیا کہ یونیورسٹی میں بے چینی پھیلانے والے عناصر کی بیج کنی کےلئے ایمپلائز یونین اور اپوزیشن کو بھی ساتھ ملا کر پلان ترتیب دیا جارہا ہے، یونیورسٹی کو ان عناصر سے پاک کیا جائے گا جو اس ادارے کی نیک نامی پر دھبہ لگانا چاہتے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آفیسرز ایسوسی ایشن کا سالانہ ڈنر جنوری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، جس کے بعد آفیسرز سپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا۔
اجلاس میں شیخ عمران، محمد ندیم، کامران تصدق ، سعود منیر،محمد فیصل شہزاد شاہ اور دیگر نے شرکت کی ۔