پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض کو بڑی ذمے داری مل گئی

پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض فیکلٹی آف فوڈ سائنس و نیوٹریشن، بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے ڈین مقرر کر دیے گئے ہیں۔
ان کا تعلق گجرانوالہ کے نواحی گاؤں بھٹی بھنگو سے ہے، ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول بھٹی بھنگو سے امتیازی نمبروں کے ساتھ مکمل کی، پھر گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ سے انٹرمیڈیٹ کیا۔ بی ایس اور ایم فل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جبکہ پی ایچ ڈی قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ایچ ای سی اسکالرشپ پر مکمل کی۔ مزید برآں، برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایڈنبرہ میں چھ ماہ کی تربیت حاصل کی۔
ڈاکٹر محمد ریاض نے 2010 میں بہاءالدین زکریا یونیورسٹی میں بطور لیکچرر تدریسی سفر کا آغاز کیا اور صرف 12 سال میں پروفیسر کے عہدے (گریڈ 21) پر فائز ہوئے۔ 2016 میں سیجانگ یونیورسٹی، جنوبی کوریا سے پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کی۔ وہ امریکہ، جاپان، ملائیشیا، تائیوان سمیت کئی ممالک میں کانفرنسوں میں لیکچرز دے چکے ہیں اور 80 سے زائد بین الاقوامی تحقیقی مقالے شائع کر چکے ہیں۔
وہ ایک متحرک سماجی و تعلیمی شخصیت ہیں، جو فپواسا پاکستان کے جنرل سیکریٹری، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اور بی زیڈ یو سنڈیکیٹ کے رکن رہے ہیں۔