زکریا یونیورسٹی کے پروفیسروں کے گرد گھیرا تنگ، مراعات میں کٹوتی کردی گئی
زکریا یونیورسٹی کے اساتذہ کی مراعات میں کمی کردی گئی، پیٹرول 30فیصد کم کردیاگیا ، فرنیچر اور الیکٹریکل کی اشیا نہیں خرید سکیں گے۔
بتایاگیا ہے کہ زکر یا یونیورسٹی حکام نے شدید مخالفت کے باوجود اساتذہ کی مراعات میں کمی کرنے کافیصلہ کرلیا ہے، جس کی سینڈیکیٹ سے منظوری بھی لے لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جن اساتذہ کو پیٹرول ملتا ہے اس میں 30فیصد کمی کردی جائے گی، اب کوئی چیئرمین شعبہ بڑی خریداری نہیں کرسکے گا، فرنیچر ، ائیرکینڈیشن، ایل ای ڈی اور دیگر بڑی الیکڑک کی اشیا خریدنے پرپابندی ہوگی۔
اب شعبوں میں کوئی بھی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی، ظہرانے او ر ڈنر نہیں دئے جاسکیں گے ، ٹور ختم کردئے گئے ، انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت پر بھی پابند ی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مراعات میں یہ کٹوتی حکومت کی سادگی مہم کا حصہ ہے ، جو چھ ماہ قبل شروع کی گئی تھی تاہم یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ کے بے پناہ دباؤ کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہیں کراسکی تھی۔
اب سینڈیکیٹ کی منظوری کے بعد اس کو لاگو کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔