ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے میگا پراجیکٹ کیڈٹ کالج کے لئے 400 ملین کے فنڈز کا اجراء

منصوبہ کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے عوام کو پروفیشنل تعلیم و تربیت کے حصول کے لئے اعلیٰ درسگاہ کی فراہمی، طلباء کی پاک فوج میں شمولیت کی راہ ہموار ہوگی ،ان خیالات کا اظہار سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کیڈٹ کالج کے زیر تعمیر پراجیکٹ کے وزٹ کے موقع پر کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کیڈٹ کالج کی تعمیر ، میٹریل کے استعمال کو چیک کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا موضع عالمگیر بہاول پور سکھاں میں 919 کنال رقبہ پر کیڈٹ کالج کا منصوبہ جاری ہے، کیڈٹ کالج میں 450 طلباء ، فیکلٹی اور دیگر ہاسٹلز میں 210 افراد کی گنجائش ہوگی۔ 1678.669 ملین کے اس پراجیکٹ کے لیے کچھ ماہ کی تاخیر کے بعد 400 ملین کے فنڈز کا اجراء ہوگیا ہے، جس کے بعد سات ، آٹھ ماہ سے رکا ہوا کام دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کا منصوبہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی کاوشوں سے شروع ہوا، منصوبے کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے لوگوں کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، زیر تکمیل منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔