Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سی ای او ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا اجلاس، سالانہ امتحانات ، موک امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا

ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں 11 اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن کا اہم اجلاس، سالانہ امتحانات کی تیاری کے حوالے سے موک امتحانات کے انعقاد، سٹوڈنٹ وائز پروفائل کی تیاری اورنجی سکولوں میں سکول کونسلیں قائم کرنے سمیت دیگر تعلیمی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن کا ایک اہم اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی ای اوز کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور سیکشن آفیسر وقاص ظفرنے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کے گزشتہ دنوں اساتذہ اور تعلیمی افسران سے کیے گئےآن لائن خطاب میں دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور نے سکول سربراہان کو طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور سکولوں کی استعداد جانچنے کے جدید طریقہ ہائے تدریس سے بھرپور استفادہ کے لیے موک امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ موک امتحانات میں تمام سکول بورڈ کی ڈیٹ شیٹ اور پیٹرن کے مطابق امتحانات منعقد کرائیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ ہر طالب علم کا تفصیلی پروفائل مرتب کیا جائے، جس میں تعلیمی تعطیلات کے علاوہ اس طالب علم کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو درج کیا جائے ، یہ پروفائل رجسٹر اعلیٰ حکام کسی بھی وقت دورہ کر کے چیک کر یں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی ای اوز ایجوکیشن سکولوں میں طلبہ کی ضروریات سامنے رکھ کر سبق کی باقاعدہ پلاننگ کی ہدایات جاری کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہیڈ ٹیچرامتحانات کے انعقاد تک والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا اہتمام کر کےانہیں سکولز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بہترین تعلیمی کے حصول کے لیے اپنے بچوں کی گھروں پر موثر نگرانی کرنے پر قائل کرے۔

ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ بچوں میں ادبی ذوق کی آبیاری اور لکھنے اورمطالعہ کے شوق کو اجاگر کرنے کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ماہنامہ روشنی میگزین کا اجراء کیا گیا، میگزین کو بچوں میں متعارف کروایا جائے اور اسے باقاعدہ سکول لائبریریوں میں رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر سرکاری سکولوں کی طرز پر اب نجی سکولوں میں بھی سکول کونسلیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سی ای اوز ایجوکیشن اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ سکولوں میں بچوں پر تشدد اور گالم گلوچ کی سختی سے ممانعت ہے ، اگر کوئی ٹیچر اس عمل میں ملوث پایا جائے تو پیڈا ایکٹ کے تحت اس کے خلاف کارروائی کی جائے،

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت سکولوں میں قرآن پاک کی تدریس لازمی قرار دے دی گئی ہے، لہذا ہر سکول میں قرآن پاک کا پیریڈ لازمی رکھا جائے ۔

سی ای اوز ایجوکیشن کے اجلاس میں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر ٹرانس جینڈراور صبح نو سکولوں کے قیام، سکول گراؤنڈز کی بحالی اور دیکھ بھال، سٹوڈنٹ کونسلوں کی کارکردگی اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button