Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

عمران خان نے مہنگائی کیخلاف احتجاج کی کال دے دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کی نئی لہر کے خلاف پُرامن احتجاج کی کال دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام دشمن حکومت کے خلاف لوگ نمازِ جمعہ کے بعد احتجاج کریں، چاہتا ہوں کہ عوام امپورٹڈ حکومت کے خلاف پُرامن مظاہرہ کریں۔

عمران خان نے کہا کہ عوام دشمن حکومت کی پالیسیوں سے مہنگائی کا طوفان آگیا ہے، امپورٹڈ حکومت نے ملک میں معاشی تباہی پھیر دی، امپورٹڈ حکومت کے لوگوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے کورونا کے دباؤ کا مقابلہ کیا اور 1200 بلین روپے کا معاشی پیکیج دیا، اس سال صرف ہم نے سیلز ٹیکس کو صفر فیصد تک کم کیا اور اس کے علاوہ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے 466 بلین روپے کی توانائی کی سبسڈی فراہم کی، ہمارے لیے ترجیح ہمیشہ ہمارے لوگ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ کر کے ایک لیٹر پر 60 روپے بڑھا دیے۔

جبکہ شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا بے شک آپ نیوٹرل رہیں لیکن لوگ جانتے ہیں پاور آپ کے پاس ہے، چوروں کا ٹولہ ملک کو جہاں لیکر جا رہا ہے، لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں، تاریخ اس کو معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس سے سستا تیل نہیں خرید سکتا کیونکہ امریکا کی اجازت نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خوف کو ختم کیے بغیر کوئی انسان بڑا آدمی نہیں بنا، جو قوم خوف کا بت توڑ دیتی ہے وہ عظیم قوم بنتی ہے، آزادی وہ ہے جب اپنی قوم کے مفادات کے لیے فیصلے کیے جائیں۔

فلسطین کے حوالے سے عمران خان نےکہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ جب تک فلسطینیوں سے انصاف نہ ہو، اسرائیل تسلیم نہیں کریں گے،ہمارا یہی نظریہ ہے کہ جب تک فلسطینیوں سے انصاف نہ ہو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے۔

سابق وزیراعظم نےکہا کہ شہبازشریف نے یہاں آکر کہا تھا کہ اپنے کپڑے بیچ دوں گا، اب تو کپڑے بیچ دینے چاہئیں، آٹا ، پیٹرول ڈیزل اور بجلی مہنگی ہوئی ہے، اگر شہباز شریف سے عوام پوچھتے کہ امریکا کی غلامی کیوں کررہے ہیں اور شہبازشریف سچ بولتا تو بتاتا کہ اس کے خاندان کے پیسے باہر پڑے ہیں اس لیے خوف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرسوں تک خیبرپختونخوا میں ہوں، سب کو آزادی کی تحریک کے لیے تیارکر رہا ہوں ، تحریک تب تک چلےگی جب تک یہ حکومت شفاف الیکشن نہیں کراتی، ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر کو کہا کہ اگر عمران خان کو نہیں ہٹاؤ گے تو تمہارے لیے مشکلات پیدا کریں گے، قوم چاہتی ہے کہ وہ پارٹی اقتدار میں آئے جو ہمارے ووٹوں سے آئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button