چیف سیکریٹری کی نہری پانی چوری میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ نہری پانی چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، اور ان واقعات میں ملوث افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے یہ بات ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر، سیکریٹری ایری گیشن جنوبی پنجاب عامر خٹک اور کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔و
ورچوئل اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈویژن کے کمشنرز نے بھی شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ رواں سال صوبہ میں نہری پانی کی کمی کا سامناہے اورایسی صورتحال میں پانی چوری کے واقعات میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پانی چوری میں ملوث افراد کیخلاف مقدمات درج کر کے بلاتفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چیکنگ کیلئے اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ نہری پانی چوری ہونے سے زرعی پیداوار میں کمی کے باعث ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچتا ہے،تمام ڈویژنل کمشنرز پینے کے پانی کی قلت والے علاقوں میں فوری طور پر پانی کا انتظام کریں۔
انہوں نے چولستان میں پانی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے بر وقت اقدامات پر کمشنر بہاولپور ڈویژن کی تعریف کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں پانی چوری کی روک تھام کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، اور نہروں کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے چیف سیکرٹری کو نہروں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے چولستان میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن اور پانی کی فراہمی بارے بھی بریف کیا۔