1965کی طرح یہ وقت بھی فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے : شہری حقوق کونسل جنوبی پنجاب

06 ستمبر 1965ء ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہمارے ازلی دشمن بھارت نے رات کی تاریکی میں وطن عزیز پاکستان پر حملہ کیا، لیکن ہماری سرحدوں کے محافظ جوان جاگ رہے تھے اور لاہور کے جم خانہ میں ناشتہ کرنے کے دشمن کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
ہماری پاک و بہادر فوج کے جوانوں نے دشمن کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ، اور اسی جوش و جذبے کے پیش نظر قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی تھی ۔
ان خیالات کا اظہار شہری حقوق کونسل جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے معظم کامران خان بابر ، ڈاکٹر فاروق لنگاہ ، عرفان الحق حقانی ، احسان خان سدوزئی ، جواد امین قریشی نے اپنے الگ الگ خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ 1965ء والے جذبے پر ملکی سلامتی اور اس کی حفاظت کیلئے ہمیں اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا ۔
انہون نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج پاکستان پر فخر کرتی ہے ۔
تقریب سے شیخ انعام اللہ ، خواجہ منور خورشید صدیقی ، خواجہ محمد ارشد صدیقی ، فرحان الحق حقانی ، محمد باسط نواز ، ڈاکٹر اعجاز رسول اور آصف خان نے کہا کہ 06 ستمبر 1965ء سے لیکر آج تک ہمارا ملک ہماری افواج کی بدولت پہلے سے زیادہ مضبوط اور پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ پر عزم ہے، اور اس کامیابی کا سہرا قوم کے شہیدوں اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا ثمرہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہیدوں پر فخر کرتی ہے، اور اپنی پاک و بہادر فوج کیلئے ہمیشہ دعا گو ہے اور ہمیشہ اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ۔