سول لائنز کالج ملتان کو مزید 6 شعبہ جات میں چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرانے کی اجازت

ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب نے گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان کو مزید 6 شعبہ جات میں چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کی اجازت دیدی ،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سول لائنز کالج کو زکریا یونیورسٹی کے بعد جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ 14شعبہ جات میں چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام شروع کرانے کا اعزازحاصل ہوگیا ہے۔
پرنسپل سول لائنزکالج پروفیسرسید حیدر عباس گردیزی نے اس اعزاز کو اساتذہ کی کاوش اور محنت کی نتیجہ قراردیا، انہوں نے کہا کہ کالج میں بی ایس بلاک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،پنجاب حکومت کے اس فیصلے سے یونیورسٹیوں میں داخلوں سے رہ جانے والے ہزاروں طلباء وطالبات اس فیصلے سے مستفید ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن حکومت پنجاب نے ملتان کے گورنمنٹ کالج سول لائنز کو مزید 6شعبہ جات میں چارسالہ بی ایس پروگرام شروع کرانے کی اجازت دیدی،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق کالج کو ریاضی،پولیٹکل سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی،سپورٹس سائنسز،اپلائیڈ سائیکالوجی، سوشیالوجی کے شعبہ جات میں بھی بی ایس چار سالہ پروگرام کے داخلے شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس سے قبل سول لائنز کالج میں فزکس،کیمسٹری، زوالوجی،اکنامکس،شماریات،اردو، انگریزی اور کامرس کے شعبہ جات میں چار سالہ بی ایس پروگرام کامیابی سے جاری ہے، اب مزید6شعبہ جات میں داخلوں کی اجازت ملنے کے بعد سول لائنز کالج جنوبی پنجاب میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے بعد سب سے زیادہ بی ایس پروگرام کروانے والا سب سے بڑا تعلیمی ادارہ بن گیا۔
پر نسپل سول لائنز کالج پروفیسر سیدحیدرعباس گردیزی نے اس اعزازکو کالج اساتذہ کی محنت اور کاوش کا نتیجہ قراردیا،انہوں نے کہا کہ یہ جنوبی پنجاب کے طلباوطالبات کیلئے خوشی کی خبر ہے،حکومت پنجاب اور ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اس فیصلے سے یونیورسٹیوں میں داخلوں سے رہ جانے والے ہزاروں طلباوطالبات مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی کم فیس میں چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام خطے کے طلباوطالبات کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں،کالج میں بی ایس بلاک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔معیارتعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے،طلبا وطالبات کو تمام بنیادی سہولیات مہیا کریں گے۔