Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

دو روزہ بین الااقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی

ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسلامک سٹڈیز اور عربی کے زیر اہتمام چوتھی دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ مسلمانوں کو ترقی کی را ہ چلنے کےلئے سیرت البنیﷺ سے رہنمائی لینا ہوگی، اپنی تاریخ، اپنی اقدار اور اپنی روحانیت کی طرف رجوع کرنا ہوگا تاکہ دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی سرخرو ہوسکیں، معاشرے کو پرسکون کرنے کےلئے جذباتی اور سطحی سوچ اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔

امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو رکنا ہوگا، غیر ملکی کمپنیوں کی اجارہ داری اور بیرونی دباؤ کا مثبت انداز میں سامنا کرنا ہوگا، مسلم ممالک میں قانون کی حکمرانی اور موثر احتسابی نظام کا فقدان کو دور کرنا ہوگا۔ سوشل میڈیا سمیت میڈیا کا ذمے دار کردار سامنے لانا ہوگا۔

اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے ہمیں اس بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کا موقع عطا فرمایا، اس کانفرنس کا موضوع ہماری موجودہ دنیا میں امن و انصاف کے قیام کے لیے سیرت نبوی ﷺ کی رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

اس کانفرنس کے ذریعے یہ بات مزید اجاگر ہوئی کہ ہمیں اپنے موجود مسائل کے حل کے لیے اپنی تاریخ، اپنی اقدار اور اپنی روحانیت کی طرف رجوع کرنا ہوگا، اور خاص طور پر اہتمام کے ساتھ سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی جو کل انسانیت کے لیے عدل، مساوات، اور امن کا ایک مثالی نمونہ ہے سکالرز نے جو تحقیقی مقالے پیش کیے، ان سے ہمیں یہ سیکھنے کو ملا کہ ہمیں اپنے معاشرتی مسائل کے حل کے لئے فہم و فراست اور اور جراتِ عمل کی ضرورت ہے ، ہمیں باہم محبت، برداشت، اور عدل کی اساس پر اپنی اجتماعیت استوار کرنا ہوگی۔

امید ہے طالبات نے اس کانفرنس کے ذریعہ مساوی عدل اور سماجی امن کی تعلیمات نبوی کو گہرائی سے سمجھنے اور ان کے اخلاقی اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنانے کی اہمیت کو محسوس کیا ہوگا۔ اس کانفرنس کے ذریعے ہمیں اسلامی تاریخ، رواداری، اور امن کے اصولوں کے بارے میں نیا علم حاصل ہوا، جس نے ہمارے ایمان کو جلا بخشی اور اس کے علاوہ ہم نے مسلمانوں کی اجتماعی ذمہ داریوں اور یک جہتی کی اہمیت کو بہتر طور پر سمجھا۔

مجھے قوی امید ہے کہ اس کانفرنس میں شرکت سے ہمارے اندر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو پھیلانے اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی تحریک ملی ہے۔

ان شاءاللہ اس کانفرنس کے لیے موصول ہونے والے اہم مقالات ، متعلقہ طریق کار کے تحت منظوری کے بعد شعبہ علوم اسلامیہ کے ایچ ای سی سے منظور شدہ مجلہ "الھدایہ” میں اشاعت پذیر ہوں گے۔

اس موقع پر اس کانفرنس کے تمام منتظمین، اسپیکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی وقت اور علم کو ہمارے ساتھ شیئر کیا۔ آپ سب کی محنت اور لگن کی بدولت یہ کانفرنس کامیاب رہی، اور اس نے ہمارے فکر و علم کو مہمیز دی اور نئی نسل کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں میں سیرت النبی ﷺ کے اصولوں کو اپنانے کی توفیق دے۔ اس کانفرنس کے مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید الرحمن نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی تخلیق کا سبب ہیں اور آپ کی سیرت ہمارے لئے مینارہ نور ہے۔

کانفرنس کے دوسرے روز 15 ریسرچ پیپر پیش کئے گئے، بعدازاں شرکا اور آرگنائزر میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button